فیصل آباد:غیر قانونی ہاﺅسنگ سکیموں کیخلاف آپریشن

فیصل آباد( بیورورپورٹ)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے آصف چوہدری کی ہدایات پر غیر قانونی ہاﺅسنگ سکیموں کے خلاف جاری مہم کے سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے آپریشن کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں سات غیرقانونی ہاﺅسنگ سکیموں کے تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کرکے ان کے دفاتر کو سربمہر کردیا اور ڈویلپرز کے چالان کرکے سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوادیئے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر انفورسمنٹ امتیاز علی گورایہ کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مختلف علاقوں میں انسپکشن کی توچک نمبر225ر۔ب کی اراضی پر فاطمہ گارڈن، سرویا سٹی، مدینہ ویلی، عمر سٹریٹ اور گلستان باہو،چک نمبر219رب تلیاں والا میں اضافی آبادی اور چک نمبر59ج۔ ب میں گرینڈ سٹی کے نام سے غیر قانونی ہاﺅسنگ سکیموں کے قیام کی کوشش کی جارہی تھی جن کے خلاف آپریشن کرکے وہاں چار دیواریوں،سیوریج اور سڑکو ں سمیت دیگر ناجائز تعمیرات کو مسمار کردیا اور موقع پر عارضی دفاتر کوسیل کرکے ڈویلپرز کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت کو بھجودیئے اور انہیں وارننگ دی گئی ہے کہ مزید قانون شکنی سے باز و ممنوع رہیں بصورت دیگر قصورواروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرائے جاسکتے ہیں۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے عوام الناس کو مطلع کیاگیاہے کہ وہ کسی بھی ہاﺅسنگ سکیم میں پلاٹ خریدنے یا سرمایہ کاری کرنے سے قبل اسکی قانونی حیثیت اور ضروری ریکارڈ کو ضرور چیک کرلیں تاکہ بعدازاں انہیں کسی قسم کی پریشانی یا مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔