ساہیوال شہر میں بھرپور شجرکاری مہم شروع، عوام کو بھی شامل کیا جائے: کمشنر

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا ڈی جی پی ایچ اے شفیق احمد ڈوگر کو شہر کا بیوٹیفکیشن پلان تیار کرنے کی ہدایت، جنوری اور فروری کے دوران شہر میں بھرپور شجرکاری کی جائے اور عوام کو بھی اس مہم میں شامل کیا جائے، پسپ پروگرام کے تحت جاری تمام منصوبوں کی تکمیل کی حتمی تاریخ بھی دی جائے، کمشنر شعیب اقبال سید۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے کیا جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن /ڈی جی پی ایچ اے شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد، اے سی جنرل علیزہ ریحان، پسپ پروگرام کے سٹی منیجر اسجد خان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے ڈی جی پی ایچ اے کو شہر کا بیوٹیفیکیشن پلان تیار کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ جنوری اور فروری کے مہینوں میں بھرپور شجرکاری کی جائے گی اور اس مہم میں عوام کی شمولیت بھی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے پسپ پروگرام کے تحت جاری تمام منصوبوں کو مکمل کرنے کی حتمی تاریخ دینے اور محکمہ ہائی وے کو تمام سڑکوں کے کرب سٹونز ٹھیک کروانے کی ہدایت کی۔ ڈی جی پی ایچ اے شفیق احمد ڈوگر نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پہلے مرحلے میں آذان ہائٹس، آرٹس کونسل چوک، علامہ اقبال روڈ، ڈی سی چوک اور 9ایل پر توجہ مرکوز ہے اور ان جگہوں کو خوبصورت کیا جائے گا۔