سلیکٹڈ نے ریاست مدینہ کے نام پر دھاندلی، جھوٹ، یوٹرن اور بدتمیزی کرکے دکھائی: نواز شریف

لاہور (مشرق نیوز) مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ نے تبدیلی کے نام پر جھوٹ، یوٹرن، بدتمیزی اور دھاندلی کو کرکے دکھایا، ملک کو بھارت یا امریکہ نے نہیں ہم نے خود نقصان پہنچایا، آئین توڑنے والوں کو ججوں نے خود ہار پہنائے۔

پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ سال 2016 کے آخر میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کردیا، دہشت گردی کو ختم کردیا، ڈالر کی مجال نہیں تھی چار سال یہاں سے وہاں ہلے، فارن ریزرو ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ تھے، ملکی ترقی 6.2 فیصد لے گئے تھے، شرح سود ڈبل ڈجٹ پر تھی جسے ہم سوا پانچ فیصد پر لے آئے تھے، ایکسپورٹ ری فائنانس تین فیصد تھا، ایکسپورٹ بڑھ رہی تھی، آئی ایم کو ہم نے خدا حافظ کہا مگر وہ دن کہاں گئے؟

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی واپس آگئی، جیسے ہی عمران خان آیا ڈالر کی قیمت کو پر لگ گئے، گروتھ ختم ہوگئی، آئی ایم ایف کو اس کی شرائط پر لایا گیا، مہنگائی آسمان کو چھو گئی، یہ حقائق ہیں جنہیں کوئی جھٹلا نہیں سکتا۔ نواز شریف نے کہا کہ آر ٹی ایس بند کروانے کے باوجود ہماری پارٹی پنجاب میں اکثریت میں آئی، محض چار ووٹوں کی برتری کی سلیکٹڈ کو لایا گیا جس میں ایم کیو ایم، بلوچستان اور فاٹا کے لوگ شامل تھے۔

سربراہ مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ 70 سال سے دیکھ رہے ہیں آئین توڑا جاتا ہے تو جج آئین توڑنے والے کو ہار پہناتے ہیں ایسے فیصلے سب نے ہوتے ہوئے دیکھے، جو ہورہا ہے اسے روکو ورنہ زبان سے کہو ورنہ دل میں برا جانو ہم نے تیسرا آپشن چنا، ہمیں سابقہ ججوں کے ذریعے جیلوں میں ڈالا گیا اور موجودہ ججوں نے چند پیشیوں پر کیس ختم کردیے، ہمارے بارے میں کہا گیا کہ مریم اور نواز کو جیل سے باہر نہیں آنا چاہیے ورنہ ہماری محنت ضائع ہوجائیگی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں باہر سے بھارت یا امریکہ نے نقصان نہیں پہنچایا ہم آج اپنی وجہ سے اس حال میں ہیں ہم نے خود ہی اسے نقصان پہنچایا، جھوٹ، یوٹرن، بدتمیزی، دھاندلی یہ سب کچھ ایک لیڈر نے تبدیلی کے نام پر کرکے دکھایا اور اسے ریاست مدینہ کا نام دیا اسے اللہ سے ڈر نہیں لگا، مسجد نبوی میں نعرے لگاتے ہیں، قوموں کی تعمیر ایسے ہوتی ہے؟ یہ تو قوم کو بربادی کی جانب لے جانے والی بات ہے، یہ ہماری بہت بری تاریخ ہے۔ سربراہ مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ ٹکٹ حاصل کرنے کے خواہشمند نیت رکھیں کہ ٹکٹ ملنے پر قوم کو اس گرداب سے ضرور نکالیں گے۔