اسلام آباد (بیورورپورٹ) موجودہ چیف الیکشن کمشنر کی زیر نگرانی شفاف انتخابات نہیں ہو سکتے، پاکستان ،سپریم کورٹ بار نے تحفظات کا اظہار کردیا۔
پاکستان بار کونسل نے عام انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کیلئے یکساں مواقعوں کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کے انتخابی طریقہ کار، حلقہ بندیوں ،نشستوں کی تقسیم پر سوال اٹھا دئیے۔
بار کونسل کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیاتاثر بڑھ رہا ہے موجودہ الیکشن کمیشن کی موجودگی میں شفاف انتخابات نہیں کرائے جا سکتے، جہلم، گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں نشستوں کی تقسیم میں عدم توازن دیکھا گیا، آبادی کے تناسب سے موجودہ حلقہ بندیاں انتخابی عمل کی شفافیت پر سوالات اٹھا رہی ہیں،پاکستان بار کونسل نے کہاکمیشن کا طرز عمل عام انتخابات پر سنگین شکوک و شبہات کو جنم دیتا ہے، موجود ہ حالات کی روشنی میں الیکشن کمیشن نازک معاملات پر آنکھیں بند نہیں کر سکتا، پاکستان بار کونسل مطالبہ کرتی ہے سپریم کورٹ کو کمیشن کے ہر عمل کی توثیق کرنے کی بجائے تضادات کا نوٹس لینا چاہیے۔
اعلامیے کے مطابق بار کونسل کا پختہ یقین ہے بنیادی مقصد محض انتخابات نہیں بلکہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات ہوں، تمام سٹیک ہولڈرز کو یکساں مواقع فراہم ہونے چاہئیں ، سپریم کورٹ بار کی مشاورت سے وکلا تحریک کےلئے لائحہ عمل کا اعلان کرنے کےلئے جلد آل پاکستان نمائندہ کنونشن بلائے گا،وکلا کنونشن کا مقصد آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانا ہے، شفاف انتخابات موجودہ چیف الیکشن کمشنر کی موجودگی میں ممکن نہیں، بار کونسل جمہوری اصولوں کو برقرار رکھنے کےلئے انتخابی عمل میں شفافیت کو فروغ دینے کےلئے پرعزم ہے۔
سپریم کورٹ بار نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاانتخابات 8 فروری کو ہی ہوں لیکن تمام سٹیک ہولڈرز کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں، شکایات کو دور کیے بغیر محض انتخابی ٹائم لائن پر عمل کرنا استحکام کو نقصان پہنچا سکتا ہے،سپریم کورٹ بارنے کہاموجودہ حالات میں چیف الیکشن کمشنر کو گھر جانا چاہیے کیونکہ ان کی زیر نگرانی شفاف انتخابات ممکن نہیں۔
موجودہ چیف الیکشن کمشنر کی زیر نگرانی شفاف انتخابات ممکن نہیں،پاکستان ،سپریم کورٹ بار


















