پرتھ ٹیسٹ 4 روز میں ختم ہونے پر کیوریٹر کو شدید تنقید کا سامنا
پرتھ (مشر ق نیوز) پاکستان کے خلاف پہلا ٹیسٹ چوتھے روز ہی ختم ہونے پر واکا اسٹیڈیم کے کیوریٹر کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔آسٹریلوی میڈیا کے مطابق دونوں ٹیموں کے بیٹرز کو چیلنجنگ کنڈیشنز کا سامنا کرنا پڑا، چوتھے روز پرتھ سٹیڈیم کی پچ بیٹرز کیلئے غیرمحفوظ تھی۔آسٹریلوی میڈیا نے کہا کہ پچ کا معیار بھی اچھا نہیں تھا اور پرتھ ٹیسٹ میں کراوڈ بھی کم آیا۔میڈیا رپورٹس میں کہا گیا کہ مارنوس لبوشین کے ہاتھ کی انگلی پر گیند لگی، سکین کرایا گیا، خرم شہزاد کی گیندوں کو غیر معمولی طور پر باونس ملتا رہا۔سابق آسٹریلین وکٹ کیپر این ہیلی نے کہاکہ آسٹریلوی سیزن کا پہلا ٹیسٹ برسبین میں ہونا چاہیے جبکہ سابق کرکٹر سائمن او ڈونل نے کہا دلچسپ بات یہ ہے کہ آئی سی سی اس پر کیا ایکشن لیتا ہے۔یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 14 دسمبر کو شروع ہونے والا پہلا ٹیسٹ میچ گزشتہ روز17 دسمبر کو ہی ختم ہو گیا تھا۔آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 487 رنز سکور کئے تھے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 271 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی تھی۔آسٹریلیا نے پاکستان کو فالو آن کرانے کے بجائے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور دوسری اننگز 233 رنز 5 کھلاڑی آوٹ پر ڈکلیئر کر کے پاکستان کو جیت کیلئے 450 رنز کا ہدف دیا لیکن ہدف کے تعاقب میں پوری پاکستانی ٹیم صرف 89 رنز پر آوٹ ہو گئی۔

















