اندرونی و بیرونی قرضے 78ہزار ارب، مہنگائی کی شرح42.68فیصد تک پہنچ گئی

اسلام آباد ، کراچی(بیورورپورٹ)پاکستان کے اندرونی و بیرونی قرضے78 ہزار ارب روپے ہوگئے،بیرونی قرضوں کی مالیت 124 ارب ڈالر سے زیادہ ہے،سٹیٹ بینک کے مطابق پاکستان کے سر36ہزار 861ارب کے بیرونی قرض سمیت مجموعی طور پر 78ہزار ارب کا قرضہ ہے،صرف ایک سال میں مرکزی حکومت کے قرضوں میں 12ہزار 276ارب کا اضافہ ہوگیا،حکومت کے ذمے براہ راست قرضے 50ہزار 206ارب سے بڑھ کر 62ہزار 482ارب ہوگئے،اقتصادی ماہرین 78فیصد قرضوں کی شرح کو پاکستان کےلئے ناقابل برداشت قرار دیتے ہیں،آئی ایم ایف کے مطابق اگلے 3 سال میں ہماری بیرونی فنانسنگ کی ضروریات جو ہیں 63ارب ڈالر ہیں،گزشتہ مالی سال ساڑھے5ہزار ارب سے زائد قرضوں پر سود دیاگیا،رواں مالی سال کے پہلے 3ماہ میں ہی بل 1380ارب روپے تک پہنچ گیا،اقتصادی ماہرین کی نظر میں سرمایہ کاری اور برآمدات میں اضافہ ہی ملک کو اس گھن چکر سے نکال سکتا ہے،عالمی بینک کے مطابق پاکستان کو درپیش بلند مالی خسارے کی بڑی وجہ قرضوں کا بڑھتا ہوا بوجھ ہے جو 22سال کی بلند سطح 7.9فیصد تک پہنچ چکا ہے،وفاقی حکومت کی 80فیصد آمدن قرضوں پر سود، سبسڈیز،ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کی نذر ہوجاتی ہے،مختلف شعبوں کی ٹیکس چھوٹ اورسبسڈیز کا خاتمہ کرکے 9ہزار ارب روپے اضافی ریونیو جمع کیا جاسکتا ہے دوسری جانب ملک میں مہنگائی مزید بڑھ گئی، ہفتہ وار شرح ایک اعشاریہ ایک چھ فیصد اضافے کےساتھ42.68 فیصد تک جا پہنچی ہے،ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے پیاز 13 روپے، دال مونگ تقریباً2.5 روپے اور چینی ایک روپیہ تیرہ پیسے فی کلو مہنگی ہوئی ہے فی درجن انڈوں کی قیمت 8 روپے سے زیادہ بڑھی،ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 14روپے تک مہنگائی جبکہ بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 14 پیسے اضافہ ریکارڈ کیا گیا البتہ ٹماٹر 12 روپے اور آلو 5 روپے فی کلو تک سستے ہوئے، زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں بھی گیارہ روپے تک کی کمی ہوئی ادھر پاکستان کےساتھ 3 ارب ڈالر کے سٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے پہلے جائزے میں عملے کی سطح پر معاہدے کی منظوری کےلئے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ کا جلاس 11 جنوری کو ہوگا،جون میں آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کےساتھ ہونے والے انتہائی اہم 9 ماہ کے معاہدے کی منظوری دی تھی تاکہ پاکستان کے معاشی استحکام کے پروگرام کو مدد فراہم کی جاسکے، منظوری نے فوری طور پر 1.2 ارب ڈالر جاری کرنے کی اجازت دی تھی، بتایا گیا تھا بقایا رقم کو پروگرام کی مدت میں مرحلہ وار دو سہ ماہی جائزوں کے بعد جاری کیا جائے گا،آئی ایم ایف عملے اور پاکستانی وفد کے درمیان 15 نومبر کو اسلام آباد میں سٹاف لیول معاہدہ ہوا تھا، اس پیش رفت سے پاکستان کو سپیشل ڈرائنگ رائٹس (ایس ڈی آر) کے تحت 52 کروڑ 80 لاکھ روپے (تقریباً 70 کروڑ ڈالر) تک کی رسائی حاصل ہوجائےگی، اس سے 9 ماہ کے 3 ارب ڈالر سٹینڈ بائی معاہدے کے تحت مجموعی طور پر تقریباً 1.9 ارب ڈالر ہو جائیں گے، ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ عملے کی سطح کے معاہدے کی منظوری کو یقینی بنانے کےلئے دسمبر کے پہلے ہفتے میں اجلاس کی تاریخ کے حوالے سے پوری کوشش کر رہا ہے تاہم کرسمس اور نئے سال کی تعطیلات کی وجہ سے ایگزیکٹو بورڈ کے اراکین دسمبر کے آخری ہفتے اور جنوری کے پہلے ہفتے میں دستیاب نہیں ہوں گے، آئی ایم ایف شیڈول کے مطابق 12 ممالک ایسے ہیںجن کے کیسز (آرٹیکل-4 مشاورت اور پروگرام کے جائزے) 14 دسمبر تک ایگزیکٹو بورڈ کے ایجنڈے پر ہیں، یہ ممالک آرمینیا، بنگلہ دیش، بیلجیئم، بینن، کابو وردے، کانگو، کوٹ ڈی آئیوری، مالڈووا، روانڈا، سینیگال، صومالیہ اور سری لنکا ہیں،اجلاسوں میں مختلف پہلو زیرغور ہوں گے جن میں اقتصادی پیش رفت اور رکن ممالک کی پالیسیوں پر آرٹیکل 4 مشاورت شامل ہے، آئی ایم ایف کے امدادی پیکجز کا بھی ایگزیکٹو بورڈ جائزہ لے گا، مثلاً توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) جس پر اس نے پاکستان کےساتھ بھی دستخط کیے ہیں،بقایا پیشگی اقدامات نہ ہونے کی صورت میں عام طور پر آئی ایم ایف کے بورڈ آف ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کو عملے کی سطح کے معاہدے کے بعد منظوری کےلئے تقریباً 15 روز کا وقت لگتا ہے مگر پاکستان کے کیس میں پہلی سہ ماہی کے جائزے کےلئے کوئی پیشگی کارروائی باقی نہیں ہے،آئی ایم ایف مشن نے حکام سے مارکیٹ کے مطابق شرح تبادلہ پر واپس آنے کا مطالبہ کیا تھا اور جغرافیائی سیاسی کشیدگی، اجناس کی قیمتوں میں اضافے اور مشکل عالمی مالیاتی حالات کے سبب پیدا ہونے والے خطرات پر روشنی ڈالی تھی اور حکام کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اس سے نمٹنے کےلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں،انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی حکام کی پالیسی اور اصلاحات کی کوششوں کی معاونت کےلئے طے شدہ بیرونی امداد کا بروقت اجرا ضروری ہے کیونکہ حکومت کثیرالجہتی اور سرکاری دو طرفہ شراکت داروں کےساتھ مصروفیت کو بڑھا رہی ہے۔