اسلام آباد،کراچی (بیورورپورٹ)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے ملک کی معیشت کی بہتر صورتحال کے باعث سٹاک مارکیٹ میں تیزی کارجحان ہے ، آئی ایم ایف سے سٹینڈبائی معاہدے سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے، ایسے معاشی استحکام کےلئے کوشاں ہیں جس کے ثمرات سے ہر طبقہ مستفید ہو، وفاقی حکومت معیشت کی بہتری کےلئے سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرتی رہے گی، پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ملکی معاشی ترقی اور اقتصادی لچک سے متعلق منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا ملکی معیشت میں سٹاک مارکیٹ کاکلیدی کردار ہے، حکومتی سکیورٹیز آکشنز ، سرمایہ کاروں کااعتماد بڑھانے ، قرضوں کے حصول میں آسانی اور شفافیت کو فروغ دینے کےلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، سٹاک ایکسچینج کے ذریعے سرمایہ کاروں کی طرف سے حکومتی اجارہ سکوک کی پہلی پرائمری آکشن میں شرکت کا خیر مقدم کریں گے، ریٹیل سرمایہ کاروں کی بالخصوص حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے، سٹاک بروکر ایسوسی ایشن ، ایس ای سی پی اور مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے والوں کے پرائمری مارکیٹ آکشن کو فروغ دینے کی اجتماعی ذمہ داری ہے،کراچی میں آغا خان یونیورسٹی میں طلبہ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہاجو حکومت آتی ہے اسے اظہار رائے زہر لگتا ہے،پاکستان کے ہر شہری کو آزادی اظہار رائے کا حق حاصل ہے مگر آزادی اظہار رائے کو مثبت اور تعمیری ہونا چاہیے، تعلیمی ادارے ہمیشہ میرے دل کے قریب رہے ہیں، مجھے چیزوں کے بارے میں جاننے اور سمجھنے پر خوشی ہوتی ہے، آئین کے تحت صوبوں کو بے پناہ اختیارات حاصل ہیں، این ایف سی ایوارڈ اور 18ویں ترمیم سے صوبوں کوبااختیار بنایا گیا، پاکستان میں اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں، ریاست مدینہ میں حقوق اور ذمے داریوں کے حوالے سے برابری تھی، جب تک میرٹ نہیں لائیں گے مسائل حل نہیں ہوں گے،انہوں نے کہا کوئٹہ میں مسیحیوں کی بڑی تعداد موجود ہے، اقلیتوں کےلئے روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے معاشرے کو کردارادا کرنا ہوگا، نرسنگ کا شعبہ انتہائی اہم اور مقدس ہے دریں اثناءنگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے آغا خان یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر سلمان شہاب الدین نے ملاقات کی، ملاقات میں صدر آغا خان یونیورسٹی نے وزیر اعظم کے دورے کا خیر مقدم کیا اور یونیورسٹی کی مختلف شعبوں میں خدمات کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا، وزیر اعظم نے آغا خان یونیورسٹی کی مجموعی طور پر اور بالخصوص صحت کے شعبے میں گراں قدر اور تحقیق پر مبنی تعلیمی خدمات کو سراہا۔
آزادی اظہار رائے کو مثبت اور تعمیری ہونا چاہیے:وزیر اعظم


















