وزیرآباد(تحصیل رپورٹر) جماعت اسلامی کے امیدوار این اے61ناصر محمود کلیر اور امیدوار پی پی35مشتاق بٹ نے کہا ہے کہ الخدمت فاونڈیشن وزیرآبادنے محنت کشوں کو بلا سود چھوٹے قرضے فراہم کررہی ہے، اسکیم کامقصدچھوٹے کاروبارکرنے والے مردوخواتین کوسپورٹ کرکے انہیں معیارزندگی بہتربنانے کاموقع فراہم کرناہے۔ وہ الخد مت فاونڈیشن کے زیراہتمام اسلا می مائیکرو فنانس مواخات پروگرام کے تحت 51مردوخواتین کو فی کس60ہزار روپے بلا سودچھوٹے قرضے دینے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔
اس موقع پرصابر حسین بٹ،محمد فاروق مرزا،ڈاکٹر حبیب ،رفیق نعیم،رضا نصیر،حافظ عبد المتین ودیگر بھی موجودتھے۔
ناصر محمود کلیر اور امیدوار پی پی35مشتاق بٹ نے کہاالخدمت فاونڈیشن پاکستان بھرمیں مواخات پروگرام کے تحت بلاسودمائیکروفنانس کی صورت میں 1800افراد کوقرضے فراہم کرچکی ہے ایسے حالات میں جہاں کروڑوں لوگ خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے پرمجبورہیں۔ الخدمت فاونڈیشن کی یہ کاوش محنت کشوں کے لئے امیدکی کرن ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کے نظام سے چھٹکارہ کے بغیر لوگوں کے دکھوں کا مداوہ ممکن نہیں،8فروری کو وزیر آباد میں جماعت اسلامی کی کامیابیوں کا سورج طلوع ہوگا الیکشن میں عوامی طاقت سے سیاسی مخالفین کو عبرتناک شکست دینگے، پی ٹی آئی نے (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کے پیدا کردہ مسائل میں اضافہ کیا، حکومت کی ناکام پالیسیوں سے عوام مشکلات میں پھنس چکی ہے حکومت کی کارکردگی عوام بھگت رہی ہے احتساب کے دعویدار مافیا کے سرپرست بن چکے ہیں۔ امریکہ استعماری قوتوں کے غلام حکمران اسلامی پاکستان کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں ترقی وخوشحالی کے لئے معیشت کو سود سے پاک اورعدالتوں میں قرآن کا نظام لانا ہوگا عوام سے کہتے ہیں کہ وہ آئندہ انتخابات میں صالح اور ایماندار لوگوں کا انتخاب کریں۔کرپٹ نظام کو اکھاڑ پھینکے بغیر حقیقی تبدیلی ممکن نہیں۔ جماعت اسلامی کرپشن دیگر قومی مسائل مہنگائی بے روزگاری بد امنی کے خلاف مسلسل میدان عمل میں برسرپیکار ہے حکمرانوں کے پاس عوام کو دینے کے لیے جھوٹے وعدوں اور نعروں کے سوا کچھ نہیں۔ ہمارے پاس بہترین دعوت ہے۔ اعلی نظریہ ہے اور خدمت خلق میں پیش پیش رہنے والی جماعت ہے۔ عوام کے دکھوں کا مداوا صرف اللہ کا نظام کرسکتا ہے۔
بلاسود قرضوں کا مقصد عوام کی سپورٹ ہے،ناصر محمود کلیر
















