نوازشریف جیسا وزیراعظم ہی ملک و قوم کو ترقی کی راہ پر لیکر جائیگا :رانا تنویر

نارنگ منڈی (نامہ نگار) نارنگ منڈی میں تحریک انصاف کو ایک اور دھچکا، منہاس برادری پی ٹی آئی کو چھوڑکر مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگئی۔ اس سلسلے میں راشد بلال منہاس، سابق کونسلر لیاقت منہاس، مشتاق منہاس، اکرم منہاس اور بلال منہاس کی جانب سے سابق وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانے کا اہتمام کیا گیا جس میں منہاس برادری نے باقاعدہ طورپر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی۔ سابق وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین اور امیدوار صوبائی اسمبلی پی پی 136 چوہدری حسان ریاض نے شامل ہونے والی منہاس برادری کو خوش آمدیدکہا۔ اس موقع پر سابق وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین اور چوہدری حسان ریاض نے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ آنیوالا دور مسلم لیگ (ن) کا ہے۔ 8 فروری کے بعد ترقی اور خوشحالی کا دور دوبارہ شروع ہونے والا ہے۔ میاں نوازشریف جیسا وزیراعظم ہی ملک و قوم کو ترقی کی راہ پر لیکر جائیگا۔ تاریخ گواہ ہے کہ ہمیشہ سب سے زیادہ ترقی مسلم لیگ (ن) کے ادوار میں ہوئی ہے۔ اس موقع پر تقریب میں اعظم علی باجوہ، ملک یوسف، غلام عباس گجر، اظہر سہیل چوہان، عامر ذوالفقار گھمن اور میاں امجد علی سمیت مسلم لیگ (ن) کے رہنما¶ں اور کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ علاوہ ازیں منہاس برادری کا کہنا تھا کہ ہم ساتھیوں سمیت رانا تنویر حسین، رانا احمد عتیق انور اور چوہدری حسان ریاض پر مکمل اعتماد کا اظہارکرتے ہیں اور آئندہ انکے شانہ بشانہ چلیں گے۔