اسلام آباد (مشرق نیوز) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کہنا ہے کہ چند روز میں الیکشن شیڈول دیدیا جائیگا، پولنگ 8 فروری 2024 کو ہو گی۔ قومی ووٹرز ڈے پر جاری پیغام میں سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اپنی تمام آئینی و قانونی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے، شفاف، پرامن انتخابات کے انعقاد کیلئے پوری طرح تیار اور پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن عام انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہے، حتمی انتخابی فہرستوں کی پرنٹنگ و ترسیل کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ چند روز میں ڈی آر او، آر او اور اسسٹنٹ افسران کا نوٹیفکیشن جاری ہوجائیگا، الیکشن کمیشن یقین دلاتا ہے کہ دوران الیکشن آپ کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائیگا۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ عوام ملک و قوم کے روشن مستقبل کیلئے اپنا حق رائے دہی استعمال کریں، الیکشن کمیشن کے ساتھ تعاون کریں، پرامن انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ عوام کو یاد رکھنا چاہیے کہ آپ کے ہاتھوں میں ووٹ کی طاقت ہے، اپنے اور بچوں کے مستقبل کو سامنے رکھ کر ووٹ کا استعمال کریں۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے یہ بھی کہا کہ عوام سے اپیل ہے کہ وہ انتخابی عمل میں بھرپور حصہ لیں، انتخابی عمل عوام کا حق بھی ہے اور قومی فریضہ بھی۔
چند روز میں الیکشن شیڈول دیدیا جائیگا: چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ



















