مالی ضرورت کا کوئی مسئلہ نہیں،شفاف انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کیساتھ ہیں:مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد (بیورورپورٹ) نگران وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے الیکشن کمیشن کی مالی ضروریات پوری کرنے سے متعلق کوئی مسئلہ درپیش نہیں،سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں مرتضیٰ سولنگی نے کہا کابینہ نے ای سی پی کی بجٹ ضروریات کےلئے 42 ارب روپے کی منظوری دی تھی، 10 ارب روپے کی رقم پہلے ہی الیکشن کمیشن کو جاری کی جا چکی ہے،ای سی پی نے بجٹ کی رقم میں سے 17.4 ارب روپے جاری کرنے کےلئے رابطہ کیا ہے،نگران وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا الیکشن کمیشن کو جو رقم درکار ہو گی وہ اس کی ضروریات کے مطابق جاری کی جائے گی،مرتضیٰ سولنگی نے مزید کہا ہم آئین کے آرٹیکل 218(3) کے تحت آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد میں مضبوطی سے ای سی پی کےساتھ کھڑے ہیں۔