بریسٹ کینسر کی ابتدائی مرحلے میں تشخیص سے قیمتی زندگیاں بچائی جاسکتی ہیں:کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) پاکستان میں ”خواتین میں چھاتی کا کینسر“ ایک تیزی سے پھیلنے والا مرض ہے جس کی ابتدائی مرحلے میں سکریننگ کر کے قیمتی زندگیاں بچائی جا سکتی ہیں۔ اس خطرناک مرض سے بچا¶ کیلئے ضروری ہے کہ مرض بارے معاشرے میں آگہی دی جائے اور خواتین اپنا معائنہ باقاعدگی سے کروائیں۔ یہ بات کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کے شعبہ ریڈیالوجی میں ڈیجیٹل میموگرافی مشین کا افتتاح کرتے ہوئے کہی جو5کروڑ روپے کی خطیر رقم سے لگائی گئی ہے جس سے خواتین میں چھاتی کے کینسر کی تشخیص میں بہت مدد ملے گی۔ افتتاحی تقریب میں پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عمران حسن خان، ایم ایس ڈاکٹر اختر محبوب، شعبہ ریڈیالوجی کے سربراہ ڈاکٹر سلیم اختر، ڈاکٹر نثار احمد سعیدی، ڈاکٹرمحمد سلیم، ڈاکٹرسمیع اللہ، ڈاکٹرمنتظر مہدی، ڈاکٹراحمد ذیشان جمیل، ڈاکٹرزاہد ستار، ڈاکٹرساجد مصطفی، ڈاکٹرہارون الرحمن گیلانی، ڈاکٹرسجاد حسین صابر، ڈاکٹرمحمد وسیم، ڈاکٹریاسر جمال، ڈاکٹررفیع عباس اور پیرامیڈیکل سٹاف نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے ڈاکٹرز پر زور دیا کہ وہ مریضوں کے علاج پر پوری توجہ دیں تاکہ زیادہ سے زیادہ زندگیاں بچائی جا سکیں۔ انہوں نے چھاتی کے کینسر سے بچا¶ کی بھرپور آگہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی۔ پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عمران حسن خان نے بتایا کہ 40سال کی عمر کے بعد خواتین میں چھاتی کے کینسر ہونے کا امکان بڑھ جاتا ہے جس سے بچا¶ کیلئے ضروری ہے کہ خواتین باقاعدگی سے اپنا معائنہ خود کریں یا معالج سے مشورہ کریں۔ چھاتی کا کینسر قابل علاج مرض ہے بشرطیکہ اس کا فوری پتہ چل سکے۔ شعبہ ریڈیالوجی کے سربراہ ڈاکٹر سلیم اختر نے بتایا کہ 100میں سے5 یا 6 خواتین میں یہ مرض تشخیص ہو رہا ہے جو قابل تشویش ہے۔ بعد ازاں ایم ایس آفس میں کمشنر نے تمام سربراہان شعبہ سے غیر رسمی ملاقات کی اور یقین دلایا کہ حکومت اور انتظامیہ ہسپتال کو درپیش مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہے اور مریضوں کے علاج کیلئے ضروری اقدامات اٹھاتے جاتے رہیں گے۔ انہوں نے ساہیوال میں کارڈیالوجی سنٹر کے قیام کے نوٹیفکیشن کو مثبت پیشرفت قرار دیتے ہوئے اگلے مرحلے میں چلڈرن ہسپتال اور کڈنی سنٹر کے قیام کی بھی یقین دہانی کرائی۔ دوسری طرف کمشنرساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور میونسپل سروسزکی فراہمی اور پسپ کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مڈھالی روڈ پر موجود 60مین ہولز کو اونچا کرکے ان کا لیول سڑک کے ساتھ برابر کیا جا ئے تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مین ہولز کی لیولینگ کا 60فی صد کام پسپ جبکہ 40فی صد کام ضلع کونسل سرانجام دیں۔ انہوں نے ہائی سٹریٹ کے دورے کے دوران چوراہوں کی سلپ روڈز کو کم ازکم 16فٹ رکھنے کی ہدایت کی تاکہ ٹریفک کی روانی متاثرنہ ہو۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے نئے تعمیر ہونے والی علامہ اقبال روڈ کے نئی تعمیر کی گئی ڈرینز پر کور رکھنے اور شہر میں جاری سوئی گیس کے کام کے دوران کی گئی کھدائی کو ساتھ ساتھ فل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ پسپ پروگرام کے سٹی منیجر اسجد خان نے بتایا کہ کچاپکا نورشاہ پر سٹرک کی تعمیر کے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے جسے اسی ہفتے مکمل کر لیا جائیگا۔