ہاﺅسنگ سکیموں کیلئے نئی پالیسی لانے کا اعلان،سست روی کا تاثر درست،خوف و ہراسگی کو ختم کرنا ہو گا:چیئرمین نیب

لاہور(سپیشل رپورٹر) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے ہاوسنگ سکیموں کےلئے نئی پالیسی لانے کا اعلان کردیا،لاہور بیورو میں سالانہ انسداد بدعنوانی ڈے کی مرکزی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا ہر 10میں سے 7 لوگ ہاوسنگ سکیموں کے فراڈ کا شکار ہیں، شہریوں کو ہاوسنگ سکیموں کے فراڈ سے بچانے کےلئے نئی پالیسی لارہے ہیں، آج تک ہاوسنگ سکیموں میں بلڈر اور خریدارکے درمیان دوطرفہ ٹرانزیکشن ہوتی تھی، ہاوسنگ سکیموں میں بلڈرز اور خریدارکے درمیان ٹرانزیکشن میں ریگولیٹر مسنگ تھا،لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے کہا ہاوسنگ سکیموں کی نئی پالیسی میں تمام سٹیک ہولڈر شامل ہوں گے، اب بلڈر اور خریدارکے درمیان ٹرانزیکشن دو طرفہ نہیں تین طرفہ ہوگی، پہلے دن سے ہی بلڈر اور خریدارکے ساتھ ریگولیٹربھی ہرٹرانزیکشن کاحصہ ہوگا، تمام ٹرانزیکشن بینکنگ چینل سے ہوگی، بذریعہ کیش ادائیگی کی اجازت نہیں ہوگی،چیئرمین نیب نے مزید کہا لوگوں کو لوٹنے والے فصلی بٹیروں کیخلاف شکنجہ سخت کیا جائے گا،کوئی فرد واحد یا ادارہ ملک کو کرپشن سے آزاد نہیں کر سکتا، معاشرے کے تمام طبقات کو ملکر بدعنوانی کے خاتمے میں کردار ادا کرنا ہوگا، کرپشن، بد عنوانی ایک بہت بڑا ناسور ہے اس کا خاتمہ بہت ضروری ہے،کسی کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، ہم نے صرف چور کو پکڑنا ہے، پورے محلے کو تنگ نہیں کرنا، نیب پیشہ ورانہ ادارے کے طور پر کام کر رہا ہے، اگر آپ میں خوف کی فضا ہے تو نیب اپنا کام نہیں کر سکتا۔