نئی نسل بہت باصلاحیت ، ملک کا مستقبل بنائے گی:وزیر اعظم

اسلام آباد،دبئی (بیورورپورٹ،مشرق) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے گلگت بلتستان کے علاقے چلاس میں مسافر بس پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے ملک دشمن عناصر کی گلگت بلتستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، جب تک پاکستان سے دہشتگردی کا جڑ سے خاتمہ نہیں ہو جاتا تب تک ہماری دہشتگردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی، اپنے بیان میں وزیر اعظم نے گزشتہ روز نہتے شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداءاور زخمی ہونے والے افراد کے اہل خانہ کےلئے صبر جمیل کی دعا کی، انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے معصوم نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا دہشتگردوں کی بزدلی کا ثبوت ہے،اقوام متحدہ کی 28ویں کانفرنس آف پارٹی(کوپ)کے پاکستان پویلین میں منعقدہ ”لیونگ انڈس انیشی ایٹو“ کے موضوع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا پاکستان کی مستقبل کی ضروریات کیلئے پانی کی دستیابی ایک بڑ ا چیلنج ہے،سندھ طاس کو ماحولیاتی اثرات اور آب وہوا سے ہم آہنگ کرنے کےلئے پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے مطابق ڈھالنا ضروری ہے،لیونگ انڈس انشیٹو کے تحت ہم مستقبل کو محفوظ بنا سکتے ہیں، پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا دنیا کا آٹھواں ملک ہے، انہوں نے کہا لیونگ انڈس ایک وسیع اقدام ہے جس کا مقصد پاکستان کی حدود میں سندھ کے ماحولیات کو بحال کرنا ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالہ سے سب سے زیادہ خطرے سے دوچار ہے، حکومت پاکستان کی دریائے سندھ کے حوالے سے ترجیحات واضح ہیں،یہ اقدام شراکت داروں کے ساتھ وسیع مشاورت سے مرتب کیا گیا ہے، جو 25 مختلف حکمت عملیوں کا ایک مجموعہ ہے جس میں فطرت پر مبنی حل اور ماحولیاتی نظام سے موافقت کے طریقوں پر زور دیا گیا ہے ،بعد ازاں پاکستان آرفن سکول(کورٹ )ایجوکیشن کے طلبا جنہوں نے کوپ28 میں باوقار زید سسٹین ایبلٹی انعام جیتا ہے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا طلبا نے اپنے سمیت ہر پاکستانی کو قابل فخر بنا دیا ہے کیونکہ انہوں نے ایک زبردست کام کیا ہے،انہوں نے کہا نئی نسل بہت باصلاحیت ہے اور ملک کا مستقبل بنائے گی۔ لہذاان پر مناسب توجہ کی ضرورت ہے، کوپ28 کے موقع پر اسکائی نیوز عربیہ کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا دنیا کو موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے بہت نقصان ہوا،پاکستان کوپ 28 میں 30 ارب ڈالر کے فنڈز کے قیام کا خیر مقدم کرتا ہے،یو اے ای کی جانب سے اربوں ڈالر کے اعلان سے عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں مدد ملے گی، پائیدار امن 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے ذریعے ہی ممکن ہے، لاس اور ڈیمیج فنڈ کی آپریشنلائزیشن اس بات کا ثبوت ہے کہ ترقی یافتہ ممالک نے اخلاقی طور پر اس دلیل کو قبول کیا ہے کہ دنیا کو ان ممالک کی حمایت کرنی چاہیے جو موسمیاتی نقصان کے ذمہ دار نہیں ہیں، انہوں نے کہا پاکستان ہمیشہ اس بات کی وکالت کرتا رہا ہے کہ جن ممالک نے کاربن کے اخراج میں حصہ نہیں ڈالا لیکن وہ موسمیاتی آفات سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں ان کو ان تمام چیلنجوں سے نمٹنے کےلئے تخفیف، موسمیاتی موافقت اور کلائمیٹ فنانس حاصل کرنے کی صورت میں معاوضہ دیا جانا چاہیے، انہوں نے کہا متحدہ عرب امارات کی طرف سے 30 بلین امریکی ڈالر کے اعلان کے ذریعے لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کو فعال کرنا درست سمت میں ایک اچھا آغاز ہے، انہوں نے کہا ابتدائی طور پر فنڈنگ کو عالمی بینک جیسی کثیر جہتی تنظیم کے ذریعے استعمال کیا جانا چاہیے تاکہ عملدرآمد کے عمل کا تیزی سے آغازکیا جا سکے، اسرائیلی مظالم کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا پاکستان سعودی عرب اور دیگر ممالک کےساتھ مل کر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کے پلیٹ فارم پر سب سے پیش پیش رہا ہے اور فلسطینیوں کے خلاف بے پناہ تشدد اور جارحیت کو فوری بند کرنے اور انسانی ہمدردی کی راہداری کے قیام کا مطالبہ کیا ہے،انہوں نے کہا پائیدار امن 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے ذریعے ہی ممکن ہے جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو،نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا پاکستان ان پناہ گزینوں کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی واقف ہے جن کی ملک نے گزشتہ 50سالوں سے میزبانی کی ہے تاہم یہ ہمارا قومی فرض ہے کہ10 لاکھ سے زائد غیر دستاویزی اور غیر قانونی غیر ملکیوں کی نقل و حرکت کو منطقی بنائیں اور منظم کریں، انہوں نے کہا کشمیر کا مسئلہ گزشتہ 7دہائیوں سے حل طلب ہے، کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے۔