ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل سے شہریوں کی مشکلات کم ہونگیں :کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورو رپورٹ) پسپ پروگرام کے تحت ہائی سٹریٹ کی کارپٹنگ کے بعد چوراہوں کی ری ماڈلنگ کا کام تیزی سے جاری ہے اور پہلے مرحلے میں چرچ چوک اور تحصیل روڈ چوک کی کارپٹنگ کی جا رہی ہے۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے دونوں چوراہوں کی سلپ روڈز کو کم از کم 16 فٹ رکھنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔ اپنے دفتر میں میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے طارق بن زیاد کالونی کی مین روڈ پر بجری ڈالنے کے کام کو آج مکمل کرکے کچا پکا نورشاہ روڈ پر کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد سمیت دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی-کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ منصوبوں کی جلد تکمیل سے شہریوں کی مشکلات میں بڑی حد تک کمی آئیگی جس کیلئے ٹھیکیداروں سے ٹائم لائن کے مطابق کام مکمل کروایا جانا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے شہر میں صاف پانی کی فراہمی کے لئے بچھائی جانے والی لائنوں کے جاری کام کو بھی ٹائم لان کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن /ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن شعیب اقبال سید کی زیر نگرانی کارپوریشن کی بلڈنگ برانچ کی شاندار کارکردگی، موجودہ مالی سال کے پہلے 5ماہ میں کنورژن فیس کی وصولی کی مد میں ریکارڈ 4کروڑ56لاکھ روپے سے زائد وصول کئے۔ کمشنر نے ریکارڈ وصولی پر چیف آفیسرشیخ اشفاق احمد اور ایم او پلاننگ سلیم کی کارکردگی کو سراہا اور کنورڑن فیس جمع نہ کروانے والوں کے خلاف جاری کریک ڈاو¿ن مزید تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق میونسپل کارپوریشن کی بلڈنگ برانچ نے کمشنر شعیب اقبال سید کی ہدایت پر رہائشی عمارتوں کو بغیر کنورڑن فیس جمع کروائے تجارتی مقاصد کے لئے استعمال کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاو¿ن شروع کیا ہے جس کے حوصلہ افزائی نتائج برآمد ہو رہے ہیں اور مالی سال 2023-24کے پہلے 5ماہ میں4کروڑ 54لاکھ20ہزار روپے کی وصولی کر لی ہے جس میں کنورزن فیس کی مد میں 4کروڑ 7لاکھ 50ہزار روپے اور بلڈنگ پلان کی منظوری کی مد میں46لاکھ 70ہزار روپے وصول کئے۔ ایم او محمد سلیم نے بتایا کہ ان پانچ مہینوں میں 127بلڈنگ پلانز کی منظوری بھی دی گئی جبکہ کنورڑن فیس جمع نہ کروانے والے 125مالکان کو نوٹسز جاری کئے گئے ہیں جن میں 61نجی سکول مالکان،41بنک،8چائے خانے اور15ہاﺅسنگ سوسائٹیز شامل ہیں۔ نوٹسز کے باوجود فیس جمع نہ کروانے والوں کے خلاف 50 مقدمات بھی درج کروائے جا چکے ہیں۔ دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی شہر کے تجارتی مراکز میں بے ہنگم تجاوزات پر اظہار ناراضگی، خریداری کیلئے آنے والی مرد و زن کی سہولت کے لئے روزانہ کی بنیاد پر تجاوزات کے خلاف مہم جاری رکھی جائے،کمشنر کی اینٹی انکروجمنٹ برانچ کو ہدایت۔ انہو ں نے شربت بازار اور ملحقہ گلیوں میں پیدل چلنے کی جگہ بھی نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ تاجر برادری وعدوں کے باوجود تجاوزات سے باز نہیں آ رہی اس لئے کارپوریشن مسلسل ان بازاروں میں کاروائیاں کرے۔ انہوں نے کہا کہ خریداری کے لئے آنے والوں کو آسانی فراہم کرنا کارپوریشن کی ذمہ داری ہے جس سے ہرگز پہلو تہی نہیں کی جائے گی۔