خاتون زونل افسر پلاننگ کا علی الصبح ایکشن،داتا گنج بخش زون کی حدود میں غیر قانونی تعمیرات مسمار

لاہور ( خبر نگار ) داتا گنج بخش زون کی حدود میں غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کرنے کیلئے منظم آپریشن کیا گیا،غیر قانونی تعمیروں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کے حوالے سے خاتون زونل افسر پلاننگ نے بلڈنگ انسپکٹرز کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے گزشتہ روز علی الصبح متعلقہ بلڈنگ انسپکٹروں کی موجودگی میںمتعدد غیر قانونی تعمیرات کو زمین بوس کردیا ۔ زون انتظامیہ نے خاتون افسر کی سربراہی میںمیکلوڈ روڈمیں کمرشل تعمیر، بلال گنج میں مارکی، بیلا رام، کچا رشید روڈ اور جیل روڈ پر بغیر نقشہ اور خلاف ضابطہ تعمیر ہونے والی بلڈنگوں کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے گرا دیا گیا۔ معلوم ہواہے کہ مذکورہ بلڈنگوں کے حوالے سے زون انتظامیہ پر سرکاری و سیاسی دباﺅ بہت زیادہ بڑھ گیا تھا مگر ایڈمنسٹریٹر کے حکم کے مطابق کسی قسم کے دباﺅ میں آئے بغیر غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کرنے کے اصولی فیصلہ نے زونل افسر کی ہمت کو بڑھاوا دیا جس کے نتیجے میں مذکورہ بلڈنگیں جو سرکاری خزانے پر بھاری ثابت ہورہی تھیں، کو مسمار کردیا گیا ہے۔ اب امید کی جارہی ہے کہ باقی زون بھی اس پیغام پر عمل پیرا ہونے کیلئے اسی طرح غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ایڈمنسٹریٹر رافعہ حیدر کے موقف کا احترام کریں گے اور لاہور کے ماسٹر پلان کی تباہی کا باعث بننے والی غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کا کردار ادا کرسکیں گے۔