بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کو پہلے ٹیسٹ میں 150 رنز سے شکست دیدی

سلہٹ (مشرق نیوز) بنگلہ دیش نے تیج الاسلام کی شاندار باولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 150 رنز سے شکست دےکر دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ، نیوزی لینڈ کی ٹیم 332 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 181 رنز پر ڈھیر ہو گئی ، تیج الاسلام نے 6 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔بنگلہ دیش کی یہ اپنی سر زمین پر نیوزی لینڈ کے خلاف کسی ٹیسٹ میچ میں پہلی فتح ہے ، ہفتہ کو سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز نیوزی لینڈ نے 332 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 113 رنز 7 کھلاڑی آوٹ پر اننگز دوبارہ شروع کی تو ڈیرل مچل 44 اور ایش سودی 7 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ڈیرل مچل نے اپنی نصف سنچری مکمل کی تاہم وہ زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 58 رنز بنانے کے بعد نعیم حسن کی گیند پر کیچ آوٹ ہو گئے ، اس کے بعد کپتان ٹم ساودی بیٹنگ کے لیے آئے اور انہوں ایش سودی کے ساتھ مل کر ٹیم کا سکور 178 تک پہنچا دیا ، ٹم ساودی نویں آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 34 رنز بنا کر تیج الاسلام کا نشانہ بنے۔ایش سودی کو بھی تیج الاسلام نے 22 کے انفرادی سکور پر آوٹ کر کے اپنی ٹیم کو تاریخی کامیابی دلا دی ، نیوزی لینڈ کی ٹیم 181 رنز بنا کر آو¿ٹ ہو گئی ، بنگلہ دیش کی جانب سے تیج الاسلام نے شاندار باو¿لنگ کا مظاہرہ کیا اور 6 وکٹیں حاصل کیں ، انہیں میچ میں مجموعی طور پر 10 وکٹیں حاصل کرنے پر مرد میدان قرار دیا گیا۔