قصور:بچے کو زیادتی کے بعد قتل کرنیوالے مجرم کو سزائے موت

قصور(بیورو رپورٹ ) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج با اختیار کورٹ برائے جرائم بر خلاف جینڈر بیسڈ قصور چوہدری فرخ حسین نے تھانہ کھڈیاں کے علاقہ میں دس سالہ بچے عبدالرحمٰن کیساتھ تشدد کے بعد زبردستی زیادتی کرنے کے مرتکب ملزم سلیم کو جرم ثابت ہونے پر سزائے موت اور بد فعلی و دیگر دفعات میں سترہ سال سزائے قید با مشقت اور مجموعی طور پرمبلغ چھ لاکھ روپے بطورہرجانہ جو کہ بطورتلافی کے مقتول لڑکے کے شرعی وارثان کو ادا کرنے کا حکم سنایا۔

استغاثہ کے مطابق تھانہ کھڈیاں کے علاقہ میں جولائی سال 2019 میں مدعی تسلیم عباس کے دس سالہ بیٹے عبدالرحمن کو ملزم سلیم ولد عبدالمجید میﺅ ساکن ستوکی تھانہ کنگن پور نے مقتول کو بہلا پھسلا کر قریبی کھیتوں میں لیجا کر بہیمانہ تشدد کے بعد مجرم سلیم نے زبردستی بد فعلی کرکے اسکا گلا گھونٹ کر ہلاک کر دیا تھا۔ سرکار کی طرف سے کیس کی پیروی ڈپٹی ڈسٹرکٹ پراسیکئیوٹر نقاش محمود بٹ نے کی جنہوں نے اپنے دلائل میں فاضل عدالت کو بتایا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے شواہد ثبوت اور مجرم کے DNA ٹیسٹ پازیٹوآچکا ہے۔اِن حالات و واقعات کی روشنی قانونی تناظر میں پراسیکیوشن جرم ثابت کر چکا ہے چنانچہ ملزم کو سزائے موت دینا بنتی ہے ۔ان دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے فاضل عدالت نے مذکورہ سزائیں سنائیں۔