اسلام آباد(بیورورپورٹ)جسٹس اطہر من اللہ نے کہا ہے مشرف مارشل لا کو قانونی کہنے والے ججوں کا بھی ٹرائل ہونا چاہیے، کارروائی صرف3نومبر کے اقدام پر کیوں کی گئی؟ 3نومبر کو صرف ججوں پر حملہ ہونے پر کارروائی ہوگی تو فئیر ٹرائل کا سوال اٹھے گا۔
خصوصی عدالت کو کالعدم قرار دینے کے فیصلے کےخلاف اپیل پر سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی، پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین نے حامد خان کے دلائل دئیے خصوصی عدالت نے 17 دسمبر 2019 کو پرویز مشرف کیس کا فیصلہ سنایا ،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا خصوصی عدالت کا فیصلہ تو آج بھی برقرار ہے ہائیکورٹ کے حکم میں خصوصی عدالت کے فیصلے کو ختم کرنے کا نہیں کہا گیا،جسٹس منصور علی شاہ نے کہاخصوصی عدالت کے فیصلے کو کالعدم کرنے کی تو استدعا ہی نہیں تھی۔
چیف جسٹس نے کہا لاہور ہائی کورٹ کی سماعت کے دوران خصوصی عدالت کا فیصلہ آچکا تھا، سارے فیصلے میں خصوصی عدالت کے فیصلے کا ذکر نہیں،وکیل نے کہا اسی وجہ سے پرویز مشرف نے بھی سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی،چیف جسٹس نے کہا لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے ایک روز کا نوٹس دیا، کیا ہائیکورٹ میں ایک روز کا نوٹس دیا جاتا ہے؟ فل کورٹ کی تشکیل کیلئے معاملہ بھجواتے ہوئے تاریخ کیسے دی جا سکتی ہے؟ ممکن ہے چیف جسٹس فل کورٹ سے متفق ہو یا نہ ہو، خصوصی عدالت کے فیصلے کے بعد درخواست میں ترمیم ہونی چاہیے تھی، خصوصی عدالت صرف کیس کےلئے بنائی گئی تھی جو فیصلہ سناتے ختم ہوگئی۔
چیف جسٹس نے پرویز مشرف کے وکیل سے استفسار کیا کیا پرویز مشرف لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے سے متفق تھے؟ وکیل سلمان صفدر نے کہامیرا موقف ہے خصوصی عدالت کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جا سکتا ہے،چیف جسٹس نے کہا اگر ہائی کورٹ فیصلے کو تسلیم کرتی تو پھر اپیل نہ کرتے، پرویز مشرف کے وکیل آج بھی اپیل پر کھڑے ہیں۔
جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کیا لاہور ہائیکورٹ میں وفاقی حکومت نے اعتراض کیا تھا یا سیم پیج پر تھی ؟ خصوصی عدالت کے فیصلے کاہائیکورٹ کو بتانا تو تھا اگر آئین غصب ہو جائے تو پھر عدالت 1956ءتک بھی جا سکتی ہے،جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا رشید اے رضوی صاحب ہمیں سچ بولنا چاہیے اگر کسی فیصلے کو ختم ہونا ہے تو ہونا چاہیے جس نے مارشل لا کو راستہ دیا ان ججوں کا بھی احتساب ہونا چاہیے۔
چیف جسٹس نے کہا جو ماضی میں ہو چکا اسے میں ختم نہیں کرسکتا کیا ساوتھ افریقہ میں سب کو سزا ہی دی گئی تھی؟ قوم بننا ہے تو ماضی کو دیکھ کر مستقبل ٹھیک کرنا ہے، سزا اور جزا اوپر بھی جائے گی، کئی بار قتل کے مجرم بھی بچ نکلتے ہیں، وکیل آکر بتائیں آئین توڑنے والے ججوں کی تصویریں یہاں کیوں لگی ہیں؟ جج ہی یہاں بیٹھ کر کیوں پوائنٹ آو¿ٹ کریں ان کے ساتھ میڈیا بھی ذمہ دار ہے ان کا بھی احتساب ہونا چاہیے، بتائیں کتنے صحافی مارشل لا کے حامی کتنے خلاف تھے؟ تاریح سے سیکھنا چاہیے بچوں کو بھی سیکھانا چاہیے۔
جسٹس اطہر من اللہ نے کہا تاریخ پھر یہ ہے جب کوئی مضبوط ہوتا ہے اس کےخلاف کوئی نہیں بولتا، جب طاقتور کمزور پڑ جاتا ہے اس کے بعد عاصمہ جیلانی والا فیصلہ آجاتا ہے،وکیل رشید اے رضوی نے کہا ججوں کے کنڈکٹ کا معاملہ بھی عدالت کے نوٹس میں لے آیا ہوں، پرویز مشرف کے اقدام کو جواز فراہم کرنےوالوں کےخلاف کارروائی ہونی چاہیے،چیف جسٹس نے کہا کیا عدالتی معاون نے بھی لاہور ہائی کورٹ میں جاری کارروائی کی حمایت کی؟ وفاق نے بھی کارروائی پر اعتراض نہیں کیا، اس وقت حکومت کس کی تھی؟ چیف جسٹس وکلا نے جواب دیا اس وقت پی ٹی آئی کی حکومت تھی،چیف جسٹس نے کہا حامد خان صاحب! اب آپ کو شرمندہ نہیں کرنا چاہتے، آپ اپنے گھر سے ہوئی غلط بات کو غلط کہنے کےلئے کھڑے ہیں اسی لیے آپ کا قد بڑا ہے۔
وکیل حامد خان نے کہا لاہور ہائی کورٹ میں سب سیم پیج پر تھے،جسٹس منصور نے پوچھا سیم پیج کیا تھا؟،جسٹس اطہر من اللہ نے کہا پرویز مشرف کےخلاف جب کارروائی شروع ہوئی اس وقت کی حکومت بھی کارروائی نہیں چاہتی تھی، اس وقت کی حکومت کو بھی عدالت نے کارروائی کی طرف مائل کیا، سنگین غداری کیس جب شروع ہوا تو اس وقت کس کی حکومت تھی؟ حامد خان نے کہا مسلم لیگ ن کی حکومت تھی،جسٹس اطہر من اللہ نے کہا اس کے باوجود انہوں نے 12 اکتوبر کو کارروائی کا حصہ نہیں بنایا؟ تاریخ میں نہیں جانا چاہیے۔
چیف جسٹس نے کہا کب تک کہیں گے تاریخ میں نہیں جانا چاہیے، اب ان باتوں پر جانا ہے کس نے کیا کیا، ملک کی 76 ویں سالگرہ منارہے ہیں میں آپ کو سننا چاہتا ہوں،جسٹس اطہر من اللہ نے کہا پرویز مشرف نے آئین توڑا اور اسمبلیوں کو معطل کیا ان ججز کو کیا کہیں گے جنہوں نے سارے عمل کو قانونی جواز فراہم کیا، 12اکتوبر کے اقدام کو اسی عدالت نے راستہ دیا، مشرف مارشل لا کو قانونی کہنے والے ججوں کا بھی ٹرائل ہونا چاہیے، کارروائی صرف 3نومبر کے اقدام پر کیوں کی گئی؟ 3نومبر کو صرف ججوں پر حملہ ہونے پر کارروائی ہوگی تو فئیر ٹرائل کا سوال اٹھے گا۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا افریقہ ،جرمنی نے اپنی غلطیوں کو تسلیم کیا ،کم از کم تسلیم تو کریں کیا صحیح تھا ، سکولوں میں بھی آئین پڑھایا جانا چاہیے، انگلینڈ میں اب موومنٹ آرہی ہے غلطیوں کو مانیں، جس کی لاٹھی اس کی بھینس والا اصول درست نہیں ہوسکتا، جنہوں نے بھی ڈکٹیٹر کے فیصلوں کو تسلیم کیا ان کا بتائیں، وکلا کا کام ہے عدالت کو بتانا میڈیا بھی ذمہ دار ہے، قانون توڑنے کو درست نہیں کہا جاسکتا،جسٹس اطہر من اللہ نے کہا مائی لارڈ نے درست کہا قومیں غلطیوں سے سیکھتی ہیں، چیف جسٹس نے کہا اس وقت بھی بہت سے لوگ تھے جو مضبوط رہے،بعدازاں پرویز مشرف کے وکیل کی استدعا پر سماعت 10جنوری تک ملتوی کردی گئی۔
مشرف مارشل لا کو قانونی کہنے والے ججوں کا بھی ٹرائل ہونا چاہیے،جسٹس اطہر من اللہ


















