ہائیکورٹ نے نگران وزیراعظم کو ہٹانے کی درخواست ناقابل سماعت دےدی

لاہور (کورٹ رپورٹر)ہائیکورٹ نے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دےدی۔

جسٹس شاہد بلال حسن نے ایڈووکیٹ مقسط کی درخواست پر سماعت کی،لاہور ہائیکورٹ نے استفسار کیا کیا عدالت نگران وزیراعظم کو اس طرح کا حکم دے سکتی ہے؟ سرکاری وکیل نے آگاہ کیا ایسی درخواست جسٹس رضا قریشی مسترد کر چکے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے سپریم کورٹ کے حکم پر الیکشن تاریخ کا اعلان ہو چکا ، نگران وزیراعظم نے بھی الیکشن کرانے کی یقین دہانی کرادی ،سرکاری وکیل نے دلائل دئیے آئین میں ایسا کچھ نہیں نگران حکومت محض 90 دن کیلئے ہے اگر ملک کا ایگزیکٹو نہیں ہوگا تو ملک چلے گا کیسے؟۔

وکیل درخواست گزار نے کہا میری استدعا ہے سب کچھ قانون کے مطابق ہو، نگران وزیر اعظم کا بنیادی کام الیکشن کرانا ہے جو نہیں کرا رہے، وزیر اعظم اپنا تقدس کھو چکے ،عدالت نے وکیل درخواست گزار سے استفسار کیا آپ نے سپریم کورٹ میں پٹیشن کیوں دائر نہ کی؟ ایڈووکیٹ مقسط نے کہامعاملہ انتہائی سنجیدہ ہے، بی بی سی نے بھی معاملے پر سوال اٹھایا ؟ جسٹس شاہد بلال حسن نے بی بی سی کا ذکر کرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔

عدالت عالیہ نے ریمارکس دیئے بی بی سی درخواست میں فریق نہیں،بی بی سی کا ہم سے کیا لینا دینا؟ آپ جا کر معلوم کریں پاکستان کیوں بنا، کس نے بنایا، آپ ان چکروں میں پڑے ہیں، آپ کا بی بی سی کا حوالہ مجھے پسند نہیں آیا،آئین و قانون کی بات کریں کیا آپ نے تیاری کر کے پٹیشن دائر کی ؟ ایسی درخواستوں کی حوصلہ افزائی نہیں ہونی چاہیے،بعد ازاں لاہور ہائیکورٹ نے نگران وزیراعظم کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیاپھرسناتے ہوئے درخواست ناقابل سماعت قرار دےدی۔