فلسطینیوں، کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے، مایوسی پھیلانے والوں کو شکست دیں گے: پاک فوج

راولپنڈی (بیورو رپورٹ) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرکی زیرصدارت جی ایچ کیو میں 82 ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس، مسلح افواج کے افسروں، جوانوں، قانون نافذ کرنےوالے اداروں اور شہریوں سمیت شہدا کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت، فلسطینیوں و کشمیریوں کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ پاک فوج جنر ل سید عاصم منیر کی زیرصدارت 82 ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میںاعادہ کیا گیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی مکمل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کرتا ہے، فورم نے مسئلہ فلسطین پر اصولی موقف کا اعادہ کیا پاکستان فلسطین کے مسئلے پر دو ریاستی حل جس کی بنیاد 1967 سے قبل کی سرحدوں پر ہے اورجس کا دارالحکومت القدس شریف ہے، کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

فورم نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں پر جاری بھارتی جبر و استبداد پر اظہار تشویش کرتے ہوئے بھارتی فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی، اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ مسئلہ کشمیر کا دائمی حل صرف یو این قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے میں ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں آرمی چیف نے ابھرتے خطرات سے نمٹنے کیلئے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں، تربیت کے اعلیٰ معیار پر اظہار اطمینان کیا۔ فورم نے مسلح افواج کے افسروں، جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں سمیت شہدا کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

فورم نے عزم کا اظہار کیا پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کےلئے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنےوالے تمام دہشت گردوں، سہولت کاروں اور حوصلہ افزائی کرنےوالے عناصر کےخلاف ریاست مکمل طاقت کےساتھ نمٹے گی، معیشت کی پائیدار بحالی، سمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، بجلی چوری، ون ڈاکیومنٹ رجیم کا نفاذ، غیرقانونی غیرملکیوں کی باوقار وطن واپسی اور قومی ڈیٹا بیس کی حفاظت سمیت غیرقانونی سرگرمیوں کو روکنے کےلئے مختلف شعبوں میں حکومتی اقدامات کی مکمل حمایت کی گئی۔

فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں فورم کی جانب سے کہا گیا چیلنجز کے باوجود گزشتہ کچھ مہینوں میں پاکستان میں اضطراب، غیریقینی صورتحال میں کمی آئی، پاکستان میں امید، اعتماد اور استحکام میں اضافہ نظر آیا، ذاتی مقاصد کے حصول کی خاطر مایوسی پیدا کرنےوالے مخصوص عناصر کی کوششوں کو ثابت قدمی اور جاری شدہ مثبت اقدامات کے تسلسل کے ذریعے پاکستانی عوام کی مکمل حمایت کےساتھ شکست دی جائیگی۔ پاک فوج پائیدار استحکام اور سلامتی کے سفر میں قوم کا دفاع ،خدمت جاری رکھے گی۔ غیور پاکستانی عوام پرعزم اور متحد رہیں۔

شرکا کو پیشہ وارانہ امور، قومی سلامتی کے چیلنجز، روایتی و غیر روایتی سکیورٹی خطرات سے نمٹنے کےلئے اٹھائے جانےوالے اقدامات پر بریفنگ دی گئی، فورم نے انسداد دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کا مجموعی طور پر جائزہ بھی لیا۔