انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کو ہر ممکن سہولت دینگے:مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد (بیورورپورٹ)نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی سے اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے صدر میجر جنرل (ر) رضا کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی ،موجودہ ملکی سیاسی و معاشی صورتحال، جعلی خبروں اور ڈس انفارمیشن کے خاتمے، آئندہ عام انتخابات، سوشل میڈیا کے مسائل، جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک میں انتخابات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد نے نگراں وزیر اطلاعات کو ملک کے سیاسی منظر نامے پر اداروں کی تازہ ترین تحقیق سے آگاہ کیا،وفد نے نگراں حکومت کے آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے عزم کو سراہا۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا نگراں حکومت آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کےلئے پرعزم ہے، انتخابات کے انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے، تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں، کسی سے کوئی امتیاز نہیں ہوگا، ملک میں سیاسی ماحول کو بہتر بنانے کےلئے تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے کا فروغ ناگزیر ہے، مرتضیٰ سولنگی نے کہا مس انفارمیشن، ڈس انفارمیشن اور فیک نیوز پوری دنیا کا مسئلہ ہے، سوشل میڈیا پر سب سے بڑا چیلنج جعلی خبریں ہیں۔