وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنی ذاتی تشہیر پر کبھی ایک ٹکا بھی خرچ نہیں کیا: عامر میر

لاہور (سٹاف رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی کی بے بنیاد تنقید پر کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ محسن نقوی پر جھوٹے الزام لگانے والا مونس الٰہی خود اربوں روپے کی کرپشن میں مطلوب اشتہاری ملزم ہے،اشتہاری کی اطلاع کیلئے عرض ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنی ذاتی تشہیر پر کبھی ایک ٹکا بھی خرچ نہیں کیا۔ عامر میر کا کہنا تھا کہ مونس کو جواب دینا ہوگا کہ اس نے اپنے والد کے اقتدار میں جو اربوں روپے خرچ کئے ان میں سے کتنا کمیشن کھایا۔ انہوں نے کہا کہ محسن نقوی نے اپنے دور میں کسی ترقیاتی و تعمیراتی پروجیکٹ کی تشہیری مہم میں اپنی تصویر نہیں لگوائی جبکہ پرویز الٰہی کے دور میں باپ اور بیٹے کی تصویر کے بغیر کوئی اشتہار نہیں چلتا تھا۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اشتہاری مونس کو اصل تکلیف محسن نقوی کی سپیڈ اور پرفارمنس سے ہے۔ سب جانتے ہیں کہ مونس نے کس اشتہاری ایجنسی سے 3 ارب وصول کئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مونس نے اپنے والد کی اشتہاری مہم پر اربوں روپے لٹا دیئے۔ یہ کیس اس وقت نیب، ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن تینوں محکموں میں چل رہا ہے۔ انشاللہ مطلوب اشتہاری جلد جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہوگا۔