سکیورٹی خطرات پر عمران کے جیل ٹرائل کافیصلہ ہوا،ہائیکورٹ

اسلام آباد،راولپنڈی (بیورورپورٹ)اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے ہیں سکیورٹی خطرات کے باعث عمران خان کے جیل ٹرائل کا فیصلہ ہوا،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے کیس پر سماعت کی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے جج کی تعیناتی کا معاملہ بھی اہم ہے، عدالت کے سامنے کچھ حقائق رکھوں گا،جسٹس گل حسن اورنگزیب نے کہا اٹارنی جنرل نے کچھ دستاویزات عدالت کے سامنے رکھیں، دستاویزات کے مطابق جج کی تعیناتی کا پراسس ہائی کورٹ سے شروع ہوا، کیس کے جیل ٹرائل سے متعلق اختیار عدلیہ کے پاس ہے، ایگزیکٹو نے عمل کےلئے انتظامات کرنا ہوتے ہیں۔

وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا اسلام آباد میں سینکڑوں ماتحت عدلیہ کے ججز موجود ہیں، حکومت نے مخصوص جج کو آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کا چارج دیا،اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا اٹارنی جنرل نے کچھ دستاویزات دکھائیں جس میں سپیشل رپورٹس بھی ہیں، سی سی پی او کا لیٹر بھی دستاویزات کا حصہ ہے، سکیورٹی خطرات کے باعث جیل ٹرائل کا فیصلہ ہوا،وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا مجھے لیٹر کا تب پتہ چلا جب اٹارنی جنرل نے دستاویزات جمع کرائیں۔

جسٹس گل حسن نے کہا نوٹیفکیشن میں لائف تھریٹ نہ ہی وزارت داخلہ کی سپیشل رپورٹ کا ذکر ہے، حکومت جیل ٹرائل کےلئے پراسیکیوشن کے ذریعے بھی درخواست دے سکتی ہے۔

دوسری جانب نیب ٹیم نے اڈیالہ جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی سے القادر پراپرٹی کے 190 ملین پاو¿نڈ سکینڈل پرتحقیقات کیں،جیل ذرائع کے مطابق نیب ٹیم نے 15 نومبر سے روزانہ کی بنیاد پر تفتیش شروع کر رکھی ہے۔