سیاسی جماعتوں کا انتخابی رولز میں متعدد ترامیم پر اتفاق

اسلام آباد (بیورورپورٹ)الیکشن کمیشن کی اہم بیٹھک میں سیاسی جماعتوں نے انتخابی رولز میں متعدد ترامیم پر اتفاق کرلیا، الیکشن کمیشن میں انتخابی رولز میں ترامیم کے معاملے پر سیاسی جماعتوں سے مشاورتی اجلاس ہوا،شیخ رشید، اعظم نذیر تارڑ، قمرزمان کائرہ و دیگر شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق سیاسی جماعتوں نے متعدد رولز میں ترمیم کی حمایت کر دی ،سیاسی جماعتوں کی جانب سے الیکشن رولز میں بعض ترامیم پر اتفاق ہو گیا، الیکشن کمیشن نے الیکشن رولز میں تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق تیار کرلیا،ضابطہ اخلاق کے مطابق سیاسی جماعتیں الیکشن کمیشن کی تضحیک سے اجتناب کریں گی ، اجتماعات، پولنگ سٹیشن کے اطراف ہوائی فائرنگ، پٹاخوں کی اجازت نہیں ہوگی۔

ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی امیدوار ایک کروڑ روپے تک اخراجات کر سکیں گے، صوبائی اسمبلی کے امیدوار 40 لاکھ سے زائد اخراجات نہیں کرسکیں گے، مخالف امیدوار کو دستبردار ہونے کیلئے لالچ یا رشوت دینا جرم تصور ہوگا،نظریہ پاکستان، ملکی خود مختاری اور سالمیت کےخلاف بات نہیں کی جاسکتی، سیاسی جماعتوں کو جنرل نشستوں پر 5 فیصد خواتین کوٹے پر عمل کرنا ہوگا۔

دریں اثناالیکشن کمیشن نے 105اضلاع میں نئی حلقہ بندیوں پر اعتراضات نمٹا دئیے ، حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30 نومبر کو شائع کی جائےگی ،انتخابی شیڈول کا اجرا کیا جائیگا۔