چیچہ وطنی: محکمہ انہار کی مبینہ غفلت ، شہر سے گزرنے والی نہر ٹوٹ پھوٹ کا شکار

چیچہ وطنی( سلطان مصطفائی) محکمہ انہار کی مبینہ غفلت اور چشم پوشی کی وجہ سے اندرون شہر گزرنے والی نہر جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ نہر کے اندر بھینسوں کی آمدورفت کی وجہ سے نہر کے کنارے ٹوٹ چکے ہیں۔

نہر میں بھل صفائی اور نہر کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے پانی نہر سے باہر سڑک پر آ جاتا ہے۔ علاقہ مکینوں اور راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہا ہے۔ جبکہ محکمہ نہر کی اسی غفلت کی وجہ سے گزشتہ دن چیچہ وطنی کے نواحی گاو¿ں 173 نائن ایل ترکھنی روڈ کے قریب نہر 9 ایل میں شگاف پڑنے سے کھڑی فصلیں تباہ ہو گئی تھی۔نہر کے شگاف کے باعث سینکڑوں ایکڑ فصلیں زیر آب آگئیں۔

اہلیان چیچہ وطنی اور اہل دیہہ173 نائن ایل نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب، ڈپٹی کمشنر ساہیوال سے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ نہر کی نا اہلی کا فوری نوٹس لیں اور چیچہ وطنی شہر سے گزرنے والی نہر کے کناروں کی مکمل مرمت کی جائے اور نہر 9 ایل کے شگاف کو اچھی طرح پر کیا جائے تاکہ اہل علاقہ کسی ناگہانی آفت سے محفوظ رہ سکیں۔