فیصل آباد:3روزہ ساتویں نیشنل گرلز چک بال چیمپیئن کریسنٹ سپورٹس کمپلیکس میں شروع

فیصل آباد(بیورورپورٹ)فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے)،پاکستان چک بال فیڈریشن اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ فیصل آباد کے اشتراک سے تین روزہ ساتویں نیشنل گرلز چک بال چیمپیئن کریسنٹ سپورٹس کمپلیکس میں شروع ہوگئی ہے جس میں ملک بھر سے آٹھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ چیمپیئن شپ کا افتتاح ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے نیٹ میں بال پھینک کرکیا اور افتتاحی میچ میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے ٹیموں کے شاندار کھیل کو سراہا۔

ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے / چیف آرگنائزر محمد آصف چوہدری،ڈویژنل سپورٹس آفیسر طارق نذیر،چیف انجینئر ایف ڈی اے مہرایوب،ڈائریکٹرز اسماءمحسن،مقصود پنوں،عاصم محمود، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس حمیرا اشرف اور دیگر افسران کے علاوہ سیکرٹری جنرل پاکستان چک بال فیڈریشن عمانوئیل اسد،نائب صدر ڈویژنل چک بال فیڈریشن محمد اقبال، سیکرٹری رانا علیم،جوائنٹ سیکرٹری فیصل اسد،چیمپیئن شپ کے دیگر آفشیلز اس موقع پر موجود تھے۔

اس سے قبل مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے مہمان ٹیموں سے انکا تعارف کرایاگیا۔افتتاحی میچ پنجاب کلر اور محکمہ پولیس کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا۔ڈپٹی کمشنر عبد اللہ نیئر شیخ نے اظہار خیال کرتے ہوئے مختلف صوبوں اور دور دارز شہریوں سے آئے ہوئی گرلز ٹیموں کا خیر مقدم کرتے ہوئے قومی سطح کی چیمپیئن شپ کے شاندار انعقاد کے سلسلے میں ایف ڈی اے کی معاونت اور کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے کہاکہ اس چیمپیئن شپ میں مختلف صوبوں سے ٹیموں کی شرکت ملی وحدت اور قومی یکجہتی کی علامت ہے جس کی بدولت کھیلوں کی ترویج و ترقی کے علاوہ قومی ہم آہنگی کو فروغ حاصل ہوتا اور خصوصی طور پر لڑکیوں کی کھیلوں میں شرکت سے وومن امپاورمنٹ کا جذبہ اجاگر اور بین الصوبائی سطح پرمیل جول سے ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کاموقع ملتاہے۔