کوٹ رادھاکشن( شیخ طارق سجاد) تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز مسلم لیگ ن تحصیل کوٹ رادھا کشن پی پی 175 کے تمام ونگز جن میں مدر ونگز، یوتھ ونگ، سوشل میڈیا ٹیم و دیگر تنظیمی عہدے داران اور ورکرز کا کامیاب اجلاس ٹیچر کالونی کوٹ رادھا کشن میں واقع ن لیگ ہاوس میں ہوا۔
مشترکہ اجلاس میں انفارمیشن سیکرٹری مسلم لیگ ن ضلع قصور و تحصیل صدر رﺅف نواب چوہدری نے میزبانی کے فرائض انجام دئیے، تمام ونگز کے صدور کی زیر صدارت ہونے والے مشترکہ اجلاس میں ن لیگ سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ جسے قائد میاں نواز شریف ٹکٹ دے گا تمام کارکنان اس کی مکمل حمایت اور سپورٹ کریں گے۔
مقررین نے شرکا سے خطاب کے دوران اس بات پر زور دیا کہ کارکن افواہوں پر کان نہ دھریں ہمارے سب کے لیڈر میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف ہیں ، پارٹی اور ہم سب ان کے فیصلوں کے پابند ہیں۔میاں نواز شریف کا ہر فیصلہ پارٹی کے لیے حکم کے زمرے میں آتا ہے اس لیے پی پی 175 کے ٹکٹ کا فیصلہ بھی میاں محمد نواز شریف ہی کریں گے جو ہمیں ہر حال میں قبول ہوگا۔افواہیں پھیلانے والے اور انتشار کی سیاست کے شوقین افراد اپنی سیاست اپنے گھر تک رکھیں۔
خطاب کرتے ہوئے مقررین نے مزید کہانظریاتی کارکنان کے لیے مسلم لیگ ن ایک گھر کی مانند ہے اور کارکنان اس گھر کے رہائشی کوئی چھوٹا کوئی بڑا جیسے ہر گھر میں چھوٹے بڑے ہوتے ہیں۔اس لیے ہمارے گھر کی طرف اٹھنے والی ہر گندی نظر نوچ لی جائے گی۔کامیاب ورکر کنونشن کے انعقاد کے بعد تمام ونگز کے صدور اور کنونشن کے منتظمین کو حاضرین اور سوسائٹی کی جانب سے مبارکباد کا سلسلہ جاری ہے۔
PP 175کے ٹکٹ کا فیصلہ خود نوازشریف کرینگے ،ن لیگ کی تنظیموں کا مشترکہ اجلاس
















