گوجرانوالہ، لاہور (بیورو رپورٹ+ کرائم رپورٹر) گوجرانوالہ میں نامعلوم ملزمان نے ذاتی دشمنی کی بنا پر فائرنگ کرکے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔اطلاعات کے مطابق واقعہ گوجرانوالہ کے جمیل شہید چوک پر پیش آیا، عینی شاہدین کے مطابق موٹر سائیکل سوار افراد نے پانچوں افراد پر فائرنگ کی اور بھاگ نکلے۔اطلاع ملنے پر پولیس پہنچی اور ایمبولینسوں کو طلب کرکے لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا جہاں مرنے والوں کی شناخت رانا افتخار، رجب، حافظ سفیان، بوٹا عرف فوجی اور قیصر شاہ کے ناموں سے ہوئی۔ سیٹلائٹ پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے آئی جی سے گوجرانوالہ میں 5 افراد کے قتل کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ گوجرانوالہ میں 5 افراد کے قتل کے ملزمان کی جلد گرفتاری یقینی بنائی جائے۔علاوہ ازیں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی او گوجرانوالہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کا حکم جاری کردیا۔آئی جی پنجاب نے ہدایت دی کہ واقعہ کی ہر پہلو سے تفتیش کرتے ہوئے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے، سپروائزری افسران مقتولین کے لواحقین کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں۔
گوجرانوالہ، نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 5 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا
















