لاہور (اپنے رپورٹر سے) چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کھاد کی گراںفروشی اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث ڈیلروں کے خلاف کریک ڈاﺅن کا حکم دیدیا۔چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا جس میں کھاد کی گرانفروشی اور سموگ کی روک تھام کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنرز کو کھاد کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے سیکرٹری زراعت کو ہر تین روز بعد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ کھاد کی مقررہ سے زائد نرخوں پر فروخت کسی صورت برداشت نہیں،صوبے میں کھاد کی کوئی کمی نہیں،کھاد کی ذخیرہ اندوزی کر کے کاشتکاروں کو لوٹنے والوں سے سختی سے نمٹا جائےگا۔دریں اثناء چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اہم اجلاس ہوا جس میں عام انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ الیکشن کمیشن کی گائیڈ لائنز کے مطابق عام انتخابات کیلئے تمام انتظامات بر وقت مکمل کئے جائیں۔چیف سیکرٹری نے عملہ کی تعیناتی، پولنگ اسٹیشنز پر مطلوبہ سہولیات کی فراہمی، ٹرانسپورٹ اور سکیورٹی کیلئے جامع پلان تیار کرنے کی ہدایت کی ۔ عام انتخابات کے انتظامات کیلئے سیکرٹری بلدیات کوفوکل پرسن مقرر کر دیا گیا ۔ چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنر زکو ہدایت کی کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بلا تفریق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، بلدیات، تعلیم اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور الیکشن کمیشن کے حکام نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
کھاد کی مقررہ سے زائد نرخوں پر فروخت کسی صورت برداشت نہیں :چیف سیکرٹری پنجاب
















