سموگ کا خاتمہ ضروری،افسران فعال انداز میں کام کریں،ڈپٹی کمشنربہاولپور

بہاولپور(قاسم بھٹی)ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی زیر صدارت دفتر کے کمیٹی روم میں اجلاس ہوا،اجلاس میں ضلع بھر میں انسداد سموگ سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد سرور، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس فاروق قمر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نعیم صادق چیمہ، ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات انصر عباس، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ محمد خورشید، سسٹم نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر محمد عظیم ذیشان اوردیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا سموگ کے خاتمے کےلئے متعلقہ محکموں کے افسران فیلڈ میں فعال انداز میں کام کریں،انہوں نے ہدایت کی فصلوں کی باقیات اور کوڑا کرکٹ نہ جلانے دیا جائے اور خلاف ورزی کی صورت میں فوری طور پر قانونی کاوروائی عمل میں لائی جائے،انہوں نے مزید کہا ماحولیاتی آلودگی پیدا کرنے والی فیکٹریوں اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوںکے مالکان کےخلاف بھی قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے نیز بھٹہ جات کو بھی زگ زیگ ٹیکنالوجی کے تحت فنکشنل کرایا جائے، ماحول کو صاف ستھرا اور سرسبز و شاداب بنانے کےلئے مور انداز میں کام کیا جائے۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات انصر عباس نے اجلاس کو بریفنگ مےں بتایا کہ یکم جون 2023ءسے اب تک ضلع بھرمیں زگ زیگ ٹیکنالوجی کی خلاف ورزی اور دھواں چھوڑنے والے بٹھہ جات کو مجموعی طور پر 33لاکھ روپے جرمانہ سمیت متعلقہ تھانوں میں 131ایف آئی آرز درج کرائی گئی ہیں، انہوں نے بتایا ضلع بھر میں فضائی آلودگی پیداکرنے والی فیکٹریوں کو بھی ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور متعلقہ تھانوں میں 15ایف آئی آرز درج کرائی گئیں،انہوں نے مزید بتایا فصلوں کی باقیات جلانے پر 7لاکھ 80ہزار روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا اور متعلقہ تھانہ جات میں 7ایف آئی آرز درج کرائی گئیںاسی طرح دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کےخلاف کارروائی کرتے ہوئے 18لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور 160گاڑیاں متعلقہ تھانوں میں بند کرائی گئیں۔