سرگودھا(سحر محمود افضل) مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر سینیٹر علامہ ساجد میر نے کہا ملک کے استحکام اور مضبوط جمہوریت کےلئے شفاف الیکشن وقت کی ضرورت ہے جس میں بھاری مینڈیٹ سے ایسے حکومت کا قیام عمل میں آئے جو ملک کو بحرانوں اور معاشی زوال سے نکالنے کے لئے عملی اقدامات اٹھا سکے، جمہوریت میں اسٹبلشمنٹ کا کوئی کردار نہیں ہونا چاہیے اور الیکشن وقت مقررہ پر ہو جائیں گے۔
مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر سینیٹر علامہ ساجد میر نے تحفظ ختم نبوت و عظمت صحابہ و اہلبیت کے موقع پر مقامی راہنما میاں عبدالغفار آزاد کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ الیکشن میں تمام سیاسی جماعتوں کو برابری کی بنیاد پر حصہ لینے کے مواقع ہونے چاہیے تاکہ مستقبل میں مخلوط حکومت نہیں بلکہ بھاری مینڈیٹ سے مضبوط حکومت کا قیام عمل میں آئے جو ملک کو بحرانوں اور معاشی زوال سے نکالنے کےلئے عملی اقدامات اٹھا سکے۔
ساجد میر نے کہا پورے عالم اسلام اور امت مسلمہ کو اس وقت سب سے بڑا مسئلہ جو درپیش ہے وہ فلسطین کا مسئلہ ہے،ہمارے فلسطینی بھائی عرصہ دراز سے اسرائیل صیہونی اور یہود کی ظلم کی چکی میں پس رہے ہیںاگر میں یہ کہوں کہ وہ ظلم اور زیادتی کا شکار ہے تو یہ غلط نہیں ہے،یہودیوں نے دہشت گرد تنظیمیں بنا رکھی ہے،جو اسرائیل کے قیام سے پہلے مسلمانوں کو بے گھر کرتی،تشدد کا نشانہ بناتی تھی،اور ان کی زمینوں پر قبضہ کرتی،اسرائیل کاوجود اسی پس منظر میں آیا،ظلم و زیادتی کی بنیاد پر یہ ناجائز ریاست قائم ہے،اس وقت کی حکومت برطانیہ نے بدنام زمانہ بالکو کو ڈکلیئریشن دیا اور باہر کے یہودیوں کو یہاں رہنے کا حق دیا،آج کل ظلم کی یہ چکیاں بہت زیادہ اور حرکت میں ہے جس کے نتیجے میں فلسطینی شہید ہورہے ہیں۔
ملکی استحکام ، مضبوط جمہوریت کےلئے شفاف انتخابات ضروری ہیں:ساجد میر
















