معاشرے میں فالج سے آگاہی پھیلانا اہم ہو چکا:ڈاکٹر جاوید

لاہور ( ہیلتھ رپورٹر)نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں فالج کے عالمی دن کے موقع پر آگاہی سمپوزیم میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی،اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز پروفیسر ڈاکٹر آصف بشیر، پرنسپل سروسز انسٹی ٹیوٹ میڈیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر زوہرہ خانم، ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر جودت سلیم، پروفیسر ڈاکٹر قاسم بشیر و دیگر فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔

نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا ہمارے معاشرے میں فالج سے بچاو بارے آگاہی پھیلانا بہت اہم ہو چکا ہے، انسان فالج کا شکار کسی بھی عمر کے حصے میں ہو سکتا ہے، پنجاب کی نگران حکومت کی سو فیصد توجہ عوامی خدمت پر مامور ہے، بلڈ پریشر، کولیسٹرول، ذیابیطس کا قابو میں نہ رہنا، سگریٹ نوشی اور وزن کا بڑھنا فالج کا سبب بن سکتے ہیں ۔

مزید برآں نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے یونیورسٹی آف لاہور کی ہیلتھ پروفیشنلز ایجوکیشن میں بطور گیسٹ آف آنر شرکت کی،نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کانفرنس کے شرکاءسے اپنے خطاب میں کہامیڈیکل ایجوکیشن کسی بھی ملک کے نظام صحت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، میڈیکل ایجوکیشن پرانے دور میں صرف ایک مضمون کے طور پر پڑھائی جاتی تھی لیکن دور حاضر میں میڈیکل ایجوکیشن کو حقیقی مقام حاصل ہوا ہے، ہمیں حکومتوں کو میڈیکل ایجوکیشن کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے ایک پلیٹ فارم بنانا ہوگا۔