ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے ریونیو سٹاف کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ عوام کے ریونیو سے متعلقہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ لوگوں کو باربار دفاتر کے چکر نہ لگانا پڑیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ریونیو سے متعلقہ مسائل کو لٹکانے کی بجائے سائلین کی رہنمائی کی جائے تاکہ ریونیو عوامی خدمت کچہری لگانے کے مقاصد حاصل کئے جا سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریونیو عوامی خدمت کچہری میں سائلین کی شکایات سننے کے دوران کیا۔تحصیلدار، قانونگو، پٹواری کے علاوہ دوسرا ریونیو سٹاف بھی اس موقع پر موجود تھا۔کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ ریونیو عوامی خدمت کچہری کا مقصد عوام کے مسائل کا ایک ہی چھت تلے ازالہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوامی ریونیو کچہر ی کا مقصد عوام کو فوری انصاف کی فراہمی ہے تاکہ عوام کو در پیش ریونیو سے متعلقہ مشکلات کو ختم کر کے فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے ریونیو عوامی خدمت کچہری میں آئے سائلین سے فرداًفرداً ان کے مسائل بارے دریافت کیا۔ ریونیو عوامی خدمت کچہری میں ڈومیسائل، فرد کا اجرائ، انتقال کا اندراج، ریکارڈ کی جانچ پڑتال اور دیگر متفرق کیسوں کے حوالے سے درخواستیں موصول ہوئیں جن کے حل کیلئے احکامات جاری کئے گئے۔ دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی خصوصی ہدایت پر میونسپل کارپوریشن نے کنورژن فیس کی وصولی کا عمل تیز کردیا ہے اور موجودہ مالی سال کے پہلے4ماہ میں 3کروڑ 23لاکھ30ہزار روپے وصول کئے جا چکے ہیں۔ کارپوریشن نے ان4ماہ میں اڈا فیس کی مد میں 68لاکھ79ہزار4سو روپے بھی وصول کئے جن میں بیرون لاری اڈے سے49لاکھ82ہزار روپے اور اندرون لاری اڈے سے 18لاکھ97ہزار4سو روپے وصول ہوئے۔ کمشنر نے ان ریکارڈ وصولیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے چیف آفیسر شیخ اشفاق احمد اور ایم او پلاننگ سلیم جہانگیر کی کاوشوں کو سراہا ہے۔ اپنے دفتر میں میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے انہوں نے ہائی سٹریٹ پر جاری کارپٹنگ کے کام کو مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈی جی پی ایچ اے ڈاکٹر شاہ زیب، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس ڈاکٹر سیف اللہ اور اے سی جنرل علیزہ ریحان سمیت متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے مڈھالی روڈ پر سیوریج لائن کی صفائی اور ساہیوال بائی پاس پر تعمیراتی کام کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ٹائم لائن میں کام مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ بعدازاں انہوں نے فتح شیر روڈ کا دورہ کیا اور سڑک کے ساتھ زیر تعمیر ڈرین کے کام کا جائزہ لیا۔پسپ پروگرام کے سٹی اسجد خان اور انفراسٹرکچر انجینئر حمزہ چوہان ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور کوالٹی کو بھی ہر صورت برقرار رکھا جائے۔
عوام کے ریونیو سے متعلقہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے :کمشنر ساہیوال
















