لاہور (خبرنگار) بلدیہ عظمیٰ لاہور کے بے ہنگم انتظامی معاملات کو درست سمت پر چلانے کیلئے ادارے کو نئے ایڈمنسٹریٹر کے غیر معمولی فیصلوں کی اشد ضرورت، انتظامی ڈھانچے میں اہم تبدیلیاں کرنے کیلئے سفارشات پر غور شروع ہے۔ انتہائی اہم اور فیصلہ ساز عہدوں پر نااہل و سفارشی افسر قابض ہونے کی وجہ سے انتظامی صورتحال ابتری کا شکا رہے، حال ہی میں ٹرانسفر ہونے والا ماتحت عملہ بغیر کسی خوف کے اپنی سابقہ پوزیشنوں پر کام کررہا ہے، حالانکہ ان کو اس جواز کی بناءپر ٹرانسفرکیا گیا تھا کہ باغوں کے شہر کو کنکریٹ کا شہر بنانے میں یہی ماتحت عملہ اور ان کے ہم خیال پلاننگ افسر ذمہ دار تھے مگر یہ ماتحت عملہ نئے تعینات ہونے والے چیف افسر اور پلاننگ افسر ہیڈ کوارٹر کی آنکھوں میں دھول جھونک کر ٹرانسفروں کے باوجود اپنی سابقہ پوزیشنوں پر کام کررہے ہیں۔ یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل غیر قانونی تعمیرات کی فہرستیں ہوئیں جس پر بعد اذاں کام ادھورا چھوڑنا پڑا البتہ نشتر زون سے موصول ہونے والی فہرستیں آج بھی ریکارڈ کا حصہ ہیں جہاں سو سے زائد ماسٹر پلان کے منافی صنعتی نقشوں کی منظوری سے سرکاری آمدن کو بے تحاشہ نقصان میں مبتلا کیا گیا۔ واضح رہے کہ یہ منظوری سابق ایم اوپلاننگ امین مغل نے دی تھی جس کی فائلیں مبینہ طور پر غائب ہیں اور تاحال بازیاب نہیں کرائی جا سکی ہیں اور نہ ہی ان تعمیرات کے خلاف ادارے کو کسی کارروائی پر مجبور کیا گیا ہے، حالانکہ ان بلڈنگوں سے آج بھی کروڑوں روپے کا ریونیو حاصل کیا جاسکتا ہے۔
بلدیہ عظمیٰ، بے ہنگم انتظامی معاملات درستگی کیلئے نئے ایڈمنسٹریٹر کے غیر معمولی فیصلے ناگزیر
















