انتخابات کیلئے درخواستوں کی وصولی شروع،9مئی کے ذمہ داروں سے مفاہمت نہیں ہوگی،ن لیگ

لاہور (اپنے نمائندے سے) مسلم لیگ (ن) نے عام انتخابات کےلئے درخواستوں کی وصولی شروع کردی،ٹکٹ کے خواہش مند 10نومبر تک فارم بمعہ فیس جمع کرا سکتے ہیں، قومی اسمبلی کی جنرل و مخصوص نشست کےلئے 2لاکھ روپے ٹکٹ فیس مقرر کردی گئی۔

صوبائی اسمبلی کی جنرل و مخصوص نشست کی ٹکٹ کے خواہشمند کو ایک لاکھ روپے فیس ادا کرنا ہوگی،مخصوص نشست کےلئے نامزد امیدواروں کو 2 لاکھ روپے اضافی بھی جمع کرانا ہوں گے، درخواست بمعہ بینک ڈرافٹ مسلم لیگ (ن) کے لاہور سیکرٹریٹ بذریعہ کوریئر یا خود جمع کرانا ہو گی، پارٹی ٹکٹ کی فیس کےلئے کراس چیک قابل قبول نہیں ہوگا، ٹکٹ فارم میں اقرار نامہ بھی شامل کیا گیا ہے۔

درخواست گزار کو قائد نواز شریف اور صدر شہباز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرنا لازمی ہے، پارٹی ٹکٹ ملنے یا نہ ملنے کی صورت میں پارٹی ڈسپلن کی پابندی کرنا ہوگی۔

دوسری جانب ن لیگ کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی،ذرائع کے مطابق فیصلہ کیاگیاماضی کی کارکردگی کو انتخابی بیانیہ بنایا جائے گا، ن لیگ نواز شریف کے سابقہ ادوار میں بنائے جانے والے منصوبوں کی بنیاد پر میدان میں اترے گی۔

اجلاس میں فیصلہ ہوا سب سے پہلے مسلم لیگ ن کا انتخابی منشور تیار کرایا جائے گا، منشور کے اعلان کے بعد پارلیمانی بورڈ بنا کر ٹکٹوں کی تقسیم کی جائے گی، ٹکٹوں کی تقسیم کے بعد نواز شریف انتخابی مہم کے دوران جلسوں سے خطاب کرینگے،لیگی ذرائع کے مطابق قیادت نے 9 مئی واقعات میں ملوث کرداروں کو مکمل نظرانداز کرتے ہوئے کوئی بات چیت نہ کرنے کا بھی متفقہ فیصلہ کیا ، 9 مئی کے ذمہ داروں کےساتھ کسی قسم کی سیاسی مفاہمت سے مکمل گریز کرنے پر بھی پارٹی قیادت نے اتفاق کیا ۔

نواز شریف نے شکوہ کرتے ہوئے کہا ملکی ترقی کے تمام تر اشاریوں کے باوجود کام کرنے کا موقع نہیں دیا گیا، پہلے غلام اسحاق پھر مشرف نے کام نہیں کرنے دیا، کام کرنے دیا جاتا تو پاکستان دنیا کی 20 بڑی معیشتوں میں شمار ہوتا۔