پاکستان دوراہے پر کھڑا،وکلاءعوام کے حقوق کیلئے تحریک شروع کریں،عمران خان

اسلام آباد(بیورورپورٹ)وکلا عوام کے حقوق کیلئے تحریک شروع کریں،نظام انصاف کو مکمل تباہی سے بچانے کیلئے حرکت میں آنا ہوگا،سابق وزیراعظم وچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اہلخانہ کے ذریعے جیل سے اہم پیغام جاری کردیا۔

عمران خان نے کہادستور کے تحفظ کا فریضہ سرانجام دینے کیلئے عدلیہ ،وکلا پر اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے،قانونی برادری پر لازم ہے عوام کے حقوق، خصوصاً ووٹ کے بنیادی حق کے دفاع کیلئے تحریک شروع کریں تاکہ اپنی قیادت کے انتخاب کا حق میسر آسکے اور وہ اپنے ہاتھوں سے مستقبل کا تعین کرسکیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاثانوی بات ہے عوام کسے اپنی قیادت کیلئے منتخب کرتے ہیں مگر بنیادی معاملہ ہے نمائندوں کے انتخاب کا وہ بنیادی حق دیا جائے جو آئین فراہم کرتا ہے،پاکستان بلاشبہ دوراہے پر کھڑا ہے یہ وہ نازک موڑ ہے جہاں نظامِ انصاف کو نہایت تیزی سے تباہی کے گھاٹ اترتے اور شیرازہ بکھرتے دیکھ رہے ہیں چنانچہ اگر مکمل انہدام سے بچانا چاہتے ہیں تو حرکت میں آنا ہوگا۔

عمران خان نے کہاانصاف کیلئے میدان میں نہ نکلے تو ملک میں دستور کی بالادستی قائم کرسکیں گے نہ ہی (جس کی لاٹھی اس کی بھینس کے اصول) پر قائم طاقت کی حکمرانی کےخلاف کھڑے ہو پائیں گے ۔