انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کرینگے،مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد(بیورورپورٹ)وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہاہے انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کرینگے۔

نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی سے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے ملاقات کی،انتخابات سمیت ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،مرتضیٰ سولنگی نے کہا انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے ،نگراں حکومت ہر ممکن معاونت و سہولت فراہم کرے گی،تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے، الیکشن میں حصہ لینے کا ہر پارٹی کو پورا حق حاصل ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہاملک میں معاشی استحکام نہایت ضروری ہے، اکنامک ایجنڈے کو کسی صورت متاثر نہیں ہونا چاہیے۔

دریں اثنا پی ٹی وی نیوز کرنٹ افیئرز اور سوشل میڈیا ٹیم سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا پی ٹی وی پر تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں کوریج کی فراہمی ترجیح ہونی چاہئے، صاف، شفاف و غیر جانبدارانہ انتخابات کےلئے پی ٹی وی کا کردار ناقابل فراموش ہوگا۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماﺅں کی حالات حاضرہ کے پروگراموں میں شرکت سے پی ٹی وی کی اعتباریت میں اضافہ ہوگا۔