فیصل آباد: واسا کی نادہندگان کیخلاف مہم تیز،105کنکشن منقطع

فیصل آباد(اشفاق مغل) منیجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز کی ہدایت پر شہر کے مختلف علاقوں میں نادہندگان کے سیوریج کنکشن منقطع کرنے کی مہم مزید تیز کردی گئی اور شہر کے کمرشل اور صنعتی نادہندگان کے مزید 105 کنکشن کاٹ دئیے گئے۔ ڈائریکٹر ریونیو ایسٹ جاوید غنی، ڈپٹی ڈائریکٹر ریونیو ایسٹ و انچارج ڈس کنکشن ٹیم ظفر اقبال قادری،اسسٹنٹ ڈائریکٹر مرزا اویس کی نگرانی میں مختلف معروف صنعتی و کمرشل علاقوں میں مزید 105 نادہندہ صنعتی و کمرشل یونٹس کے سیوریج کنکشنز منقطع کئے گئے۔ڈپٹی ڈائریکٹر ریونیو ایسٹ نے متعدد صارفین کے چالان کرکے سپیشل مجسٹریٹ واسا کو بھجوا دئیے ہیں۔ایم ڈی واسانے کہا کہ واسا فیصل آباد شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی معیاری سروسز مہیا کرنے کے لئے کوشاں ہے جبکہ صارفین اپنے ذمہ واجب الادا واجبات اور ماہانہ بلز کی ادائیگی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ نادہندہ صارفین کے بلز اور واجبات کی عدم ادائیگی کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ان کے کنکشنز کاٹ دیئے جایں گے۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا ہے کہ واسا نے نادہندگان کے خلاف ڈس کنکشن کی مہم کو تیز کر دیا گیا یے اور بلز اور بقایا واجبات کی ادائیگی نہ کرنے والے صارفین کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔