جنگ بندی کی قرارداد مسترد، اسرائیل نے غزہ پرقیامت ڈھا دی،فاسفورس بموں کی بارش،سینکڑوں شہید

غزہ،تل ابیب،دبئی،رام اللہ،استنبول،واشنگٹن(مشرق نیوز)اسرائیل غزہ کوصفحہ ہستی سے مٹانے پرتل گیا، زمینی فوج غزہ میں داخل، سمندر میں موجود بحریہ کی کشتیوں اور طیاروں سے اب تک کی سب سے زیادہ تباہ کن بمباری جاری ہے،غزہ پراسرائیلی بمباری سے مزید 300 فلسطینی شہید ہوگئے، اقوام متحدہ کی ریلیف ایجنسی کے 53 اہلکاروں سمیت شہدا کی مجموعی تعداد ساڑھے 7 ہزار کے قریب پہنچ گئی،اسرائیلی فوج نے حماس کی فضائی فوج کے سربراہ کو فضائی حملے میں مارنے کا دعویٰ کیا ہے،اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن نے کہا صیہونی ریاست فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کو ایسے ختم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جیسے دنیا نے نازیوں اور داعش کو ختم کیا،اسرائیلی فوج کے مطابق حماس فضائی فوج کے سربراہ عصام ابورکبہ 7 اکتوبر کے حملوں کے ذمے دار تھے،عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے فلسطینوں کیخلاف وائٹ فاسفورس کا استعمال کیا،اقوام متحدہ کے ریلیف ایجنسی کے 15 اہلکار صرف ایک ہی روز میں مارے جا چکے ہیں جبکہ اب تک مجموعی طور پر 21 ہزار سے زائد فلسطینی اسرائیلی حملوں میں زخمی ہوچکے ہیں،غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں کے باعث مختلف مقامات پر دھماکوں کی گونج سنائی دے رہی ہے جبکہ کئی مقامات پر آگ بھڑکنے کے سبب دھوئیں کے بادل آسمان کی جانب بڑھتے نظر آرہے ہیں،محصور شمالی علاقے بیت لاحیہ، بیت حنون، غزہ شہر کے شمال مغربی اور وسطی علاقے سب سے زیادہ نشانہ بنائے گئے،غزہ شہر کے جنوب میں واقع الشاتی کیمپ میں ایک رہائشی ٹاور کو زمین بوس کیا گیا جس میں 100 سے زائد افراد شہید ہوئے، اسی علاقے میں دوگھروں پر بھی حملے کیے گئے جن میں 16 افراد شہید اور 60 زخمی ہوئے ہیں،اسرائیلی فوج نے دھمکی دی ہے جنگ کے بعد غزہ کی نوعیت ہی بدلی جا چکی ہوگی، فلسطینیوں کو پھر کہا گیا ہے کہ وہ غزہ کا پورا شمالی علاقہ خالی کر کے جنوب کی جانب منتقل ہو جائیں،غزہ میں ٹیلی فون اور انٹرنیٹ لائنز مکمل طور پر بند کردی گئی ہیں جس کے سبب لوگوں کا آپس میں رابطہ بھی ختم ہوچکا ہے، ایسے میں خدشہ ہے کہ آج شب کی گئی فلسطینیوں کی نسل کشی دنیا کے سامنے ظاہر بھی نہیں ہو سکے گی،اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کا کہنا ہے غزہ میں کام کرنے والے عملے سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے، ہمیں غزہ میں ساتھیوں کی حفاظت سے متعلق سخت تشویش ہے،یونیسیف نے کہا غزہ میں 10 لاکھ بچوں کیلئے ناقابل بیان وحشت کی ایک اور رات کے بارے میں انتہائی فکرمند ہیں،عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے انٹرنیٹ کی بندش سے غزہ پٹی میں عملے سے رابطہ منقطع ہوچکا،سکاٹش فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف نے کہا ہے ان کا غزہ میں اپنی فیملی سے رابطہ نہیں ہو رہا، صرف دعا ہی کی جا سکتی ہے کہ وہ حیات ہوں،ادھر اسرائیلی فوج نے امریکی اور فرانسیسی خبررساں اداروں کو بھی خبردار کردیا ہے کہ ان کے صحافیوں کی سکیورٹی کی یقین دہانی نہیں کرائی جاسکتی،حماس کی القسام بریگیڈ نے کہا ہے خونریز جھڑپیں جاری ہیں،اسرائیلی فوجیوں کی باقیات غزہ کی سرزمین نگل جائے گی،دوسری جانب فلسطینی وزیراعظم نے کہا ہے انٹرنیٹ سروس کی معطلی غزہ پٹی پر زمینی حملے کا پیش خیمہ ہے،الجزیرہ کے بیورو چیف وائل الدحدوح کے مطابق تقریباً 100 اسرائیلی طیارے غزہ پر بمباری کررہے ہیں، اسرائیلی توپ خانے نے بھی غزہ پر گولہ باری کی ہے، اسرائیلی طیاروں نے الشفا ہسپتال کے قریب بھی بمباری کی،رپورٹ کے مطابق مواصلاتی رابطے منقطع ہونے کے باعث فوری طور پر بمباری میں ہونے والے جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں،ترک صدر رجب طیب اردوان نے اعلان کیا ہے غزہ کے مظلوموں کا ساتھ دینے کیلئے ضرورت پڑی تو فوج کا استعمال بھی کرینگے، پوری دنیا کو بتائیں گے اسرائیل ایک جنگی مجرم ہے، حماس دہشت گرد تنظیم نہیں، اسرائیل فلسطین پر قابض ہے ادھر حماس کے سیاسی دفتر کے سینئر رہنما موسیٰ ابو مرزوق نے کہا ہے اسرائیل کیخلاف جنگ میں ایران، حزب اللہ اور تمام حامی قوتوں کو شرکت کیلئے آمادہ کریں گے، عرب ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا عملاً حالیہ جنگ حماس جیت چکی ہے، عرب اسرائیل کشیدگی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنی بڑی تعداد میں اسرائیلی ہلاک اور قیدی بنے، روس اور چین سمیت کئی ہمدرد ممالک نے فلسطینی عوام کی حمایت کیلئے صف بندی کی ہے،حماس رہنما نے کہا جنگ بندی کیلئے دوست اور برادر عرب ممالک سے امیدیں باندھی ہوئی ہے،حماس نے یرغمالیوں کی رہائی کیلئے فوری جنگ بندی سمیت متعدد شرائط رکھی ہیں،فلسطینیوں کی نسل کشی کےخلاف مغربی کنارے کے عوام اٹھ کھڑے ہوئے ہیں،اسرائیلی چڑھائی کےخلاف رام اللہ سے الخلیل اور طولکرم سے توباس تک غزہ کی حمایت میں مظاہرے کیے گئے اور اس دوران شرکا نے غزہ پر ڈھائے جانے والے مظالم پر سر نہ جھکانے کے عزم کا اظہار کیا،ادھر استنبول میں بھی غزہ کے محصور فلسطینیوں کی حمایت میں احتجاج کیا گیا اور حماس کو اسرائیل پرکاری وارکرنے اور ترک فوجیوں کو مدد کیلئے غزہ بھیجنے کے نعرے لگائے گئے،دوسری جانب امریکہ کے شہربوسٹن میں طلبہ کی جانب سے فلسطینیوں کے حق میں مظاہرہ کیا ۔