لاہور (ہیلتھ رپورٹر) نگران صوبائی وزراءصحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم اور ڈاکٹر جمال ناصر نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کامران خالد، پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر نورین اکمل، پروفیسر ڈاکٹر بلقیس شبیر، فیکلٹی ممبران اور طالبات کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والی 16 بچیاں طبی تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔استاد کو عزت دینے والی قومیں کامیاب ہو جاتی ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ آج ہم سب کیلئے ایک سیاہ دن ہے۔ ہم سب مسلمان ایک لڑی میں پروئے ہوئے ہیں۔ ہمیں نبی کریمکا امتی بنانے پر اللہ پاک کا شکر ادا کرتے ہیں۔صوبائی وزیرصحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کشمیر اور فلسطین میں بربریت کی پرزور انداز میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر اور فلسطین کا معاملہ ہمارے لئے مشکل ہو سکتا ہے لیکن اللہ تعالیٰ کی ذات کیلئے کچھ نا ممکن نہیں ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تبلیغ کے آثار آج چودہ سو سال بعد بھی ہو رہے ہیں۔ انشاءاللہ وہ وقت دور نہیں ہے جب کشمیر بنے گا پاکستان۔ صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ حکومت سے اجازت کے بعد فلسطین میں دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنے جانا چاہتے ہیں۔ خدمت انسانیت کسی بارڈر کی محتاج نہیں ہوتی۔ اپنے مسلمان بھائیوں کی جان بچاتے ہوئے شہید ہونے سے بڑا کوئی اعزاز نہیں ہو سکتا۔ انشاءاللہ سوپر پاورز گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہو جائیں گی۔ کروڑوں مسلمانوں کی دعائیں مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے عوام کے ساتھ ہیں۔ جب ظلم حد سے بڑھ جاتا ہے تو قدرت حرکت میں آتی ہے۔ صوبائی وزیرصحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ آج ہم سب مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ برصغیر کا خطہ صدیوں سے تشدد کا شکار رہا ہے۔ کشمیر ایسٹ انڈیا کمپنی کو سونپنے کے بعد مسلمانوں پر ظلم کا آغاز ہوا۔ وادی کشمیر کو 75 لاکھ روپے میں بیچ دیا گیا تھا۔ کشمیر پاکستان کی رگ ہے۔ کشمیریوں کو رائے شماری کا حق آج تک نہیں دیا گیا۔ اس قسم کے سیمینار مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کی یاد دلاتے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار نے معصوم انسانیت پر ظلم کے پہاڑ توڑ ڈالے ہیں۔ ہم آزادی کی اس جنگ میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ نگران صوبائی وزراءصحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم اور ڈاکٹر جمال ناصر نے یوم سیاہ کے حوالے سے کوئز مقابلوں میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والی طالبات میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔نگران صوبائی وزیر محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہاکہ حجاج بن یوسف دنیا کا ظالم ترین شخص تھا۔ حسن بسری نے کہاکہ حجاج بن یوسف دعا¶ں سے نہیں ارادوں سے ہلاک ہو سکتا ہے۔ قومیں بد اعمالیوں کی صورت میں عذاب میں مبتلاءہو جاتی ہیں۔ ڈاکٹر جمال ناصرنے کہاکہ ہم نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے ساتھ عملی طور پر بھی ساتھ دینا ہے۔ کشمیر امن سے نہیں جنگ سے پاکستان بنے گا۔ ہمیں اپنے آپ کو عملی طور پر تیار رکھنا ہوگا۔ آج انڈیا کینیڈا پر پابندی لگانے کی کوشش کررہا ہے۔ ڈاکٹر جمال ناصرنے کہاکہ ملک کی ترقی کیلئے ہمیں اپنی سوچوں کو بدلنا ہوگا۔ وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے کہاکہ آج 76 سال بعد بھی آزادی کی اس آواز کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ دونوں وزراءصحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم اور ڈاکٹر جمال ناصر کی موجودگی اس بات کی عکاس ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے کاکہ ہم اقوام متحدہ اور اقوام عالم سے 1948 کی قرارداد پر سو فیصد عملدرآمد کروانے کا پرزور مطالبہ کرتے ہیں۔ بھارت نے کشمیریوں کے حق پر ڈاکہ ڈالا ہے۔ آزادی اللہ پاک کی بہت بڑی نعمت ہے۔ نعمتوں کی قدر کرنے سے نعمتوں میں اضافہ ہوتا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے پاکستان کے بارڈرز پر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
کروڑوں مسلمانوں کی دعائیں کشمیری ،فلسطینی عوام کیساتھ ہیں :ڈاکٹر جاوید اکرم / ڈاکٹر جمال ناصر


















