اسلام آباد، لاہور (بیورورپورٹ ،اپنے رپورٹر سے) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف آئندہ ہفتے سے اپنی سیاسی مصروفیات کا آغاز کریں گے،پارٹی قائد نواز شریف نے پارٹی کو بھرپور تیاریوں اور 9نکاتی ایجنڈے کے تحت انتخابی منشور تیار کرنے کی ہدایت کردی،ذرائع کے مطابق نواز شریف نے پارٹی کو ملک بھر میں بھرپور طریقے سے اور تمام وسائل استعمال کرتے ہوئے انتخابی مہم چلانے کی ہدایت کی ہے جس کے تحت ملک بھر میں جلسے، ورکرز کنونشن اور دیگر تقاریب منعقد ہوں گی جب کہ انتخابی سرگرمیوں کے شیڈول کی تیاری بھی شروع کردی گئی،ذرائع کے مطابق نواز شریف نے پارٹی کا انتخابی منشور تیار کرنے کےلئے کمیٹی کو ٹاسک دےدیا ، انتخابی منشور نواز شریف کے 9 نکاتی منشور کی روشنی میں تیار کیا جائےگا،9 نکاتی ایجنڈے میں سرکاری اور انتظامی اخراجات میں کمی، خودمختار خارجہ پالیسی، آمدنی و محصولات میں اضافہ اور ٹیکس کے نظام میں بنیادی اصلاحات شامل ہیں،برآمدات میں اضافے کےلئے فوری اور ہنگامی نوعیت کے اقدام، انفارمیشن ٹیکنالوجی میں انقلاب، توانائی (بجلی گیس) کی قیمتیں کم کرنا نو نکاتی ایجنڈے کا حصہ ہے،خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کی انتظام کاری، نوجوانوں اور خواتین کےلئے روزگار کے مواقع، زراعت میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے انقلاب اور نظام عدل وانصاف میں اصلاحات بھی 9 نکاتی ایجنڈے میں شامل ہیں،سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے میںمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے پوری امید ہے انتخابات وقت پر ہوں گے،مسلم لیگ ن کے صدر سے سوال کیا گیا آپ نے کہا تھا نیب سیاستدانوں کےخلاف استعمال ہوتی رہی، اب نواز شریف کےخلاف استعمال ہوئی، کیا سیاسی جماعتوں کےساتھ نیب کے سیاسی استعمال کے بند ہونے پر بات ہونی چاہیے،شہباز شریف نے جواب دیا میاں صاحب اس بات پر متفق ہیں۔
نواز شریف کا آئندہ ہفتے سے سیاسی سرگرمیوں کا آغاز، عام انتخابات وقت پر ہونگے: شہباز شریف


















