فلسطینیوں کی حمایت پر باکسر عامر خان کی اہلیہ فریال کو سنگین دھمکیاں موصول

اسلام آباد (مشرق نیوز) پاکستانی نژاد سابق برطانوی باکسر عامر خان کی اہلیہ فریال مخدوم کو فلسطین کے مظلوموں کی آواز بننے پر سنگین دھمکیاں موصول ہونے لگیں۔تفصیلات کے مطابق یہ پہلا موقع نہیں جب کسی بااثر فرد کو غزہ پر ہونے والی اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز بلند کرنے کے نتیجے میں دھمکیاں موصول ہوئی ہوں بلکہ اس سے قبل فلسطینی نژاد امریکی سپر ماڈلز بہنوں کی جوڑی جیجی اور بیلا حدید کو بھی دھمکیاں موصول ہوئی تھیں جس کے نتیجے میں انہیں اور اہلِ خانہ کو فون نمبرز تبدیل کرنے پڑے۔فریال مخدوم نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر سٹوری شیئر کی جس میں انہوں نے موصول ہونے والے دھمکی کا اسکرین شارٹ شیئر کیا جو انہیں نامعلوم امریکی نمبر کی جانب سے ارسال کیا گیا تھا جبکہ ڈی پی پر مخصوص اسرائیلی نشان آویزاں ہے۔موصول ہونے والی دھمکی میں کہا گیا کہ اگر اسرائیل کی حمایت اور فلسطین کے حوالے سے پوسٹنگ بند کر دیں تو فائدہ ملے گا اور اگر ایسا نہ کیا گیا یا اس بارے میں کسی کو بتایا گیا تو سنگین نتائج کیلئے تیار ہو جائیں۔