وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)شہر اور اطراف میں کم عمر رکشہ ڈرائیور ٹریفک حادثات کا سبب بننے لگے، عوام کی زندگیاں خطرے میں ڈال دیں، موٹر سائیکل رکشوں کی بھرمار نے جہاں ٹریفک کا نظام درہم برہم کردیا ہے، وہیں کم عمر اور ناتجربہ کار ڈرائیور انسانی جانوں سے سرعام کھیلتے دکھائی دیتے ہیں، موٹر سائیکل رکشے والے کسی سٹاپ کی ضرورت محسوس نہیں کرتے، بس اچانک بریک لگائی اور سواری اٹھالی اس صورتحال میں ٹریفک سارجنٹ بھی بے بس نظر آتے ہیں۔
کم عمر لڑکے ٹریفک قوانین کی پرواہ کئے بغیر رکشوں کو دوڑاتے، الٹی سیدھی حرکتیں کرتے نظر آتے ہیں، ون وے قوانین کی بھی پاسداری نہیں کی جاتی، ٹریفک پولیس کےساتھ ساتھ ایسے لڑکوں پر تھانوں کی ذمہ داری بھی بنتی ہے،بدقسمتی سے یہ نابالغ بچے جب کوئی حادثہ کر بیٹھتے ہیں تو پھر نام نہاد معززین انکو بچانے کےلئے آ جاتے ہیں، دوسری طرف 80فیصد سے زائد رکشہ والوں کے پاس ڈرائیونگ لائسنس ہی نہیں ہوتا، شہری حلقوں نے انسانی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
وزیرآبادمیں کم عمر رکشہ ڈرائیور حادثات کا سبب بننے لگے
















