اسرائیل کھلم کھلا مروجہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے: راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ اسرائیل کھلم کھلا مروجہ جنگی جرائم اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ اسلام آباد سے جاری بیان میں راجا پرویز اشرف نے کہا کہ اسرائیل نے معصوم فلسطینیوں پر ظلم اور بربریت کے پہاڑ توڑ رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملوں میں جاں بحق ہونے والوں میں سب سے زیادہ تعداد معصوم بچوں کی ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ فلسطین پر حملے کرکے اسرائیل جنگی جرائم اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔انکا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اسرائیلی جارحیت پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ راجہ پرویز اشرف نے یہ بھی کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے دکھ اور درد میں برابر کا شریک ہے، ہم اہل فلسطین کی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ عالمی برادری سے فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری کا نوٹس لے۔