سموگ سے بچاو ،گوجرانوالہ میں انتظامیہ متحرک ،بینرز آویزاں

گوجرانوالہ (چودھری توصیف احمد)حکومت پنجاب کے احکامات پر سموگ سے بچاو کیلئے میونسپل کارپوریشن گوجرانوالہ، ضلع کونسل، محکمہ زراعت اور گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے بھرپور آگاہی مہم کا آغاز کردیاگیا۔

اسسٹنٹ کمشنرز اور تحفظ ماحولیات، ٹریفک پولیس نے آلودگی پھیلانے والے صنعتی یونٹس، آلودہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کےخلاف کارروائیاں تیز کردیں، مہم کے تحت سموگ سے بچاو کے حفاظتی اقدامات اور سموگ کا باعث بننے والے عناصر پر مشتمل سٹیمرز، بینرز آویزاں کیے گئے ہیں اور کسانوں کی آگاہی کیلئے سیمینارز بھی منعقد کیے جا رہے ہیں اس کے علاوہ تحصیل سطح پر نمبرداروں اور پٹواریوں، کارپوریشن و میونسپل کمیٹیز کے انفورسمنٹ افسران، محکمہ زراعت سمیت ریونیو کے افسران کو متحرک کردیا گیا۔

گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی طرف سے شہر بھر کے مختلف علاقوں، کمرشل مارکیٹس اور گھر گھر جا کر آگاہی پمفلتس تقسیم کیے جا رہے ہیں اور انہیں آگا ہی دی جا رہی ہے کہ سموگ سے بچاو کے حفاظتی اقدامات (باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال، غیر ضروری گھروں سے باہر نکلنے سے اجتناب، گھروں کی صفائی کے دوران جھاڑو کی بجائے گیلے کپڑے کااستعمال، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی سروس، سمیت دیگر تمام حفاظتی اقدامات اپنائیں۔ اس کے علاوہ کوڑا کرکٹ کو آگ لگانے سے باز رہنے اور فصلیوں کی باقیات کو آگ لگانے پر قانونی کاروائی کی تنبیہہ بھی کی جا رہی ہے۔