لودھراں میں ٹریکٹر ٹرالی مالکان زائد پرچی وصولی پر سراپا احتجاج

لودھراں(جلیل الرحمن)محکمہ معدنیات کے افسران اور ٹھیکیدار کا ایکا،غنڈوں کے ذریعے 600روپے کی بجائے 2ہزار لیکر 500روپے کی پرچی دینے اور 2ہزار نہ دینے پر تشدد کرنے اور تھانوں میں جھوٹے مقدمات درج کرانے کا الزام،4سال قبل وفات پا جانےوالے پر بھی مقدمہ درج کرا دیا گیا،ڈی پی او،ڈپٹی کمشنر ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ،انٹی کرپشن کو بھی درخواستیں گزاری مگر کوئی شنوائی نہیں ہو رہی،ٹریکٹر ٹرالی مالکان اوردرجنوں مزدوروں کا پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ اور پریس کانفرنس ،چیف جسٹس ،وزیر اعلیٰ پنجاب،آئی جی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

ٹریکٹر ٹرالی مالکان اوردرجنوں مزدوروںنے محکمہ معدنیات کے افسران اور ٹھیکیدار کے ایکا کر کے مبینہ ہزراوں روپے بھتہ وصول کرنے کے خلاف پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر مطالبات درج تھے،مظاہرین نے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی۔

بعد ازاں ٹریکٹر ٹرالی مالکان غلام ناصر،رانا عمر فاروق و دیگر مزدوروں نے پریس کلب میںپریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ہم لوگ ٹریکٹر ٹرالی کے ذریعے ریت اور مٹی کا کام کرتے ہیں، حکومت شیڈول کے مطابق ایک ٹرالی میں تقریبا150فٹ ریت آتی ہے جس کا فی کس ٹرالی کا ٹیکس 420اور مالکانہ 220روپے بنتے ہیں مگر ٹھیکیدار وسیم ارشاد نے مبینہ طور محکمہ معدنیات کے افسران کے ساتھ ایکا کر رکھا ہے اور فی ٹرالی ہم سے 600روپے ٹیکس کی بجائے 2ہزار روپے بھتہ وصول کرکے 500روپے کی پرچی دیتا ہے،انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان،وزیر اعلی پنجاب،آئی جی پنجاب پولیس،آر پی او ملتان،ڈپٹی کمشنر لودھراں سے اپیل کی ہے کہ ہم سے ناجائز ٹیکس اور مبینہ بھتہ وصول کرنے والے افسران و ٹھیکیدار کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے اور سخت نوٹس لیتے ہوئے انصاف دلایا جائے۔