حکومت کا PTIسے رابطہ،وفد کی صدر سے ملاقات،عمران کاپیغام پہنچایا

لاہور،اسلام آباد(خبر نگار،بیورورپورٹ)بڑا بریک تھرو، نگران حکومت نے پی ٹی آئی قیادت سے رابطہ کرلیا۔

وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے سینئر مرکزی رہنما پی ٹی آئی شفقت محمود سے رہائشگاہ پر ملاقات کی،صاف شفاف انتخابات ، سیاسی جماعتوں کیلئے شرکت کے مساوی مواقع کے اہتمام اور وسیع قومی مفاہمت سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،قومی سطح پر ہم آہنگی ،مفاہمتی فروغ کے امکانات، اہمیت و ضرورت پر بھی بات چیت کی گئی۔

شفقت محمود نے کہا شفاف انتخابات کیلئے تمام جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لینے کے یکساں ماحول و مساوی مواقع کی فراہمی بنیادی حیثیت حاصل ہے، تحریک انصاف کو بلاشبہ برابری کی سطح پر سیاسی سرگرمیوں کے مواقع نہیں مل رہے،شفقت محمود نے کہا تحریک انصاف کو آئین و قانون کی روشنی میں انتخابی مہم چلانے کی بھی اجازت نہیں جبکہ دیگر جماعتوں کو ملک بھر میں جلسے جلوسوں کی کھلی آزادی ہے، نہایت ناہموار ماحول میں منعقد کرائے گئے خلاف قاعدہ انتخابات عوامی سطح پر ساکھ وقبولیت سے محروم رہیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہافیئر ٹرائل و انصاف تک مکمل رسائی کو بھی آزادانہ و منصفانہ انتخابات کے ہدف کے حصول میں بنیادی اہمیت حاصل ہے، قومی سطح پر مفاہمت کے فروغ کا گہرا انحصار دستور کی بالادستی ،جمہوریت کے بقا و تسلسل پر ہے اور قومی مفاہمت پی ٹی آئی کی شمولیت کے بغیرممکن نہیں،شفقت محمود نے مزید کہا تحریک انصاف دستور کے سائے میں صاف شفاف انتخابات کیلئے ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔

علاوہ ازیں صدر مملکت عارف علوی سے تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات رو¿ف حسن اور بیرسٹر عمیر نیازی نے ملاقات کی ،موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی وفد نے صدر مملکت کو دیگرجماعتوں سے مذاکرات کا مشورہ دیااور انتخابات کیلئے کردار ادا کرنے کاپیغام پہنچایا،عمیر نیازی کو چیئرمین پی ٹی آئی نے جیل میں ملاقات کے دوران ہدایات دی تھیں۔