ناقدین و سیاسی مخالفین کو دشمن سمجھنے کی بجائے عوام کی مرضی کو قبول کرنا چاہیے،سپریم کورٹ

اسلام آباد(بیورورپورٹ)ملک کے ہر شہری کو سیاسی و سماجی انصاف، تقریر اور سوچ کی آزادی کا حق حاصل ہے، ناقدین و سیاسی مخالفین کو ریاست کا دشمن سمجھنے کی بجائے عوام کی مرضی کو قبول کرنا چاہیے،سپریم کورٹ نے عماد یوسف کےخلاف بغاوت کا مقدمہ خارج کرنے کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔

فیصلے میں کہا گیاریاست کو طاقت کا استعمال آئین کے مطابق کرنا چاہیے، طاقت و اختیارات کے غلط استعمال سے پرہیز و بدنیتی سے بچاجائے۔

جسٹس جمال مندوخیل نے فیصلے میں لکھا اختیارات کے غلط استعمال سے معاشرے میں خوف و عدم تحفظ کا احساس پیدا ہوتا ہے، مشاہدے میں آیا ہے میڈیا پرسن، سیاستدانوں، کارکنوں اور انسانی حقوق کے علمبرداروں کیخلاف سیاسی عزائم پر مبنی بغاوت جیسی ایف آئی آرز درج کی جارہی ہیں،یقین کرنا مشکل ہے یہ لوگ ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہو سکتے ہیں،مقدمات آئین کو مجروح کرنے کے مترادف ہیں، ریاست کو اپنی طاقت و اختیار کا استعمال آئین کے مطابق کرنا چاہیے۔

فیصلے میں کہا گیا پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا لوگوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے معلومات فراہمی کا ذریعہ ہیں، شہریوں کیخلاف ایسی قانونی چارہ جوئی آئین کو مجروح کرنے کے مترادف ہے، خوف کے ماحول میں شہریوں کے علاوہ میڈیا بھی آزادی سے فرائض سرانجام نہیں دے سکتا،اپنے شہریوں کیخلاف بدنیتی پر مبنی غیر سنجیدہ قانونی چارہ جوئی ریاست کے حق میں نہیں، نتیجہ ریاستی اداروں کےخلاف نفرت کی صورت میں نکلتا ہے۔

سپریم کورٹ نے کہاجمہوری حکومت عوام ، عوام کے ذریعے اور عوام کےلئے سمجھی جاتی ہے، حکومت کو ناقدین و سیاسی مخالفین کو ریاست کا دشمن سمجھنے کی بجائے عوام کی مرضی کو قبول کرنا چاہیے،رواداری کی فضا پیدا کر کے اداروں کےخلاف شہریوں کی نفرت و عدم اعتماد کو دور کیاجائے۔