لاہور (اپنے رپورٹر سے)ن لیگ نے کہاہے عالمی برادری فلسطینیوں کاقتل عام رکوائے ورنہ دنیا راکھ کاڈھیر بن جائےگی۔
سابق وزیراعظم وصدر ن لیگ شہبازشریف نے بچوں سمیت نہتے فلسطینی شہریوں پر ہزاروں ٹن بارود برسانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاصیہونی ریاست عالمی قانون و انسانیت کی تمام حدیں پامال کر چکی ، عالمی برادری،سلامتی کونسل فلسطینیوں کے زندہ اور آزاد رہنے کے مسلمہ قانونی حق کا تحفظ یقینی بنائے ایسا نہ کیا گیا تو دنیا راکھ کا ڈھیر بن جائے گی۔
شہبازشریف نے کہا 7دہائیوں سے قابض فوج فلسطینیوں پر بدترین مظالم ڈھا رہی ہے، سلامتی کونسل اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کراتی تو موجودہ حالات پیدا نہ ہوتے، صیہونی ریاست دہائیوں سے نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہی ہے، اقوام متحدہ ،سلامتی کونسل اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے تاکہ بے گناہوں کا بہتا لہو روکا جا سکے۔
سابق وزیراعظم نے کہا ہسپتالوں کو خالی کرانا، صحافیوں کو نشانہ بنانا قتل عام کی اجازت دینے کے مترادف ہے، دنیا ظلم پر تماشائی نہ بنے، بےگناہ انسانوں کا قتل عام رکوانے کےلئے عملی اقدام کرے، اسلامی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم سے فلسطینیوں کےلئے پانی، خوراک، ادویات کی فوری فراہمی شروع کی جائے۔
شہبازشریف نے کہا تمام اسلامی ممالک او آئی سی پلیٹ فارم سے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیں، بے گھر فلسطینیوں کےلئے پناہ گاہوں کی فراہمی کےلئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں،ہسپتالوں، سکولوں اور عام آبادیوں کو بمباری کا نشانہ بنانا جنگ نہیں کھلا ظلم وبربریت ہے، موجودہ حالات اسلامی دنیا کا بھی امتحان ہے، آزاد فلسطینی ریاست کے قیام تک فلسطینیوں کی حمایت کرتے رہیں گے۔
ادھر سینئر نائب صدر ن لیگ مریم نوازنے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا عالمی برادری فلسطینیوں کا قتل عام رکوانے کیلئے کردار ادا کرے،نہتے و محصور فلسطینیوں پر وحشیانہ بمباری جنگی جرائم ہیں، ہسپتالوں، قافلوں، نہتی آبادیوں پر حملے بہادروں و قانون پر چلنے والی اقوام کا شیوہ نہیں، فلسطینیوں کے قتل عام پر اسلامی دنیا کے عوام میں شدید غم و غصہ ہے۔
مریم نواز نے کہااسلامی ممالک کی قیادت عوامی امنگوں کی ترجمانی کرے، اسلامی دنیا امن کے قیام، تنازع فلسطین کے منصفانہ حل اور محصور فلسطینیوں کی مدد کےلئے آگے آئے۔
عالمی برادری فلسطینیوں کاقتل عام رکوائے ورنہ دنیا راکھ کاڈھیر بن جائےگی،ن لیگ
















